'یوم آزادی' پر کروڑوں ایس بی آئی صارفین کو لگا جھٹکا، ایم سی ایل آر میں اضافہ، تمام طرح کے قرض ہوں گے مہنگے
سستے قرض کی امید لگائے بیٹھے صارفین کو اب گھر، کار اور ایجوکیشن کے لیے لون لینا مہنگا پڑنے والا ہے
اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے یوم آزادی کے جشن کے دوران اپنے صارفین کو جھٹکا دے دیا ہے۔ اپنے مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹ (ایم سی ایل آر) میں اضافہ کا فیصلہ کرتے ہوئے ایس بی آئی نے اپنی الگ الگ مدت کے ایم سی ایل آر میں 10 بیسس پوائنٹس کے اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ نئی شرحیں جمعرات 15 اگست 2024 سے نافذ ہو چکی ہیں۔
غور طلب رہے کہ مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس وہ شرحیں ہوتی ہیں جس سے نیچے پر صارفین کو بینک قرض نہیں دے سکتا۔ ایم سی ایل آر میں اضافہ کے فیصلہ کے بعد صارفین کے ہوم لون، کار لون، ایجوکیشن لون جیسے کئی طرح کے دیگر قرض مہنگے ہوگئے ہیں۔ ایس بی آئی کے ذریعہ اوور نائٹ مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس کو 8.10 فیصد سے بڑھا کر 8.20 فیصد پر پہنچا دیا گیا ہے۔ وہیں ایک مہینے کے اندر ایم سی ایل آر 8.35 فیصد سے بڑھ کر 8.45 فیصد تک چلا گیا ہے۔ تین مہینے کا ایم سی ایل آر 8.40 فیصد سے بڑھ کر 8.50 فیصد ہو گیا ہے جبکہ دو سال کا ایم سی ایل آر 8.95 فیصد سے بڑھ کر 9.05 فیصد اور تین سال کا ایم سی ایل آر 9.00 فیصد سے بڑھ کر 9.10 فیصد ہو گیا ہے۔
سستے قرض کی امید لگائے بیٹھے صارفین کو ایس بی آئی کے ذریعہ اس سے پہلے بھی کئی جھٹکے لگ چکے ہیں۔ بینک نے جون 2024 سے لے کر اب تک کُل تین مرتبہ اپنی شرح سود میں اضافہ کیا ہے۔ کچھ مدت کی شرح سود میں گزشتہ تین مہینوں میں 30 بیسس پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ حال ہی میں ہوئی ریزرو بینک آف انڈیا کی ایم پی سی کی میٹنگ میں مسلسل 9 ویں مرتبہ ریپو ریٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ واضح ہو کہ ایس بی آئی سے پہلے کینرا بینک، یوکو بینک اور بینک آف بڑودہ نے بھی حال ہی میں مارجینل کاسٹ آف لینڈنگ ریٹس میں اضافہ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔