ممبئی ٹرانس ہاربر لنک میں آیا شگاف، نانا پٹولے کا ریاستی حکومت پر سخت حملہ

نانا پٹولے نے کہا کہ مہایوتی حکومت نے بدعنوانی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ کرناٹک میں بی جے پی کی گزشتہ حکومت 40 فیصد کمیشن کھاتی تھی لیکن مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت 100 فیصد کمیشن کھانے والی بن گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>نانا پٹولے ٹرانس ہاربر لنک کا معائنہ کرتے ہوئے/ تصویر: ایم پی سی سی&nbsp;</p></div>

نانا پٹولے ٹرانس ہاربر لنک کا معائنہ کرتے ہوئے/ تصویر: ایم پی سی سی

user

قومی آواز بیورو

ممبئی میں شیوڑی-ناواشیوا ٹرانس ہاربر لنک میں شگاف پیدا ہو گیا ہے۔ رواں سال جنوری میں پی ایم مودی نے اس کا خوب شور-شرابے سے افتتاح کیا تھا اور اس پر چند قدم پیدل بھی چلے تھے۔ اس ٹرانس ہاربر لنک کا نام اٹل سیتو رکھا گیا تھا۔ اپنے افتتاح کے محض 5 ماہ کے اندر اس نام نہاد عالمی درجے کے روڈ میں دراڑ آ گئی ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے آج اس کا جائزہ لیا اور اسے بی جی پی و ریاستی حکومت کی بدعنوانی قرار دیا۔

کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ ٹرانس ہاربر لنک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست میں بدعنوانی شباب پر ہے۔ ہم اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے اور ریاست میں بدعنوانی کی کئی مثالیں پیش کریں گے۔ نانا پٹولے نے کہا کہ نوی ممبئی کے قریب یہ روڈ نصف کلو میٹر تک ایک فٹ تک دھنس گیا ہے۔ ریاست کی مہایوتی حکومت نے بدعنوانی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ کرناٹک میں بی جے پی کی گزشتہ حکومت 40 فیصد کمیشن کھاتی تھی لیکن مہاراشٹر کی مہایوتی حکومت 100 فیصد کمیشن کھانے والی بن گئی ہے۔


نانا پٹولے کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت نے اس روڈ کی تعمیرپر تقریباً 18 ہزار کروڑ روپے خرچ کیے ہیں اور یہ رقم بینک سے قرض لی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کو ترقی کا نام دیا جا رہا ہے لیکن یہ صریح طور پر بدعنوانی ہے۔ اس کے ذریعے حکومت میں شامل لوگ اپنا گھر بھر رہے ہیں اور عوام کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ پٹولے نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا، افتتاح سے پہلے انہیں اس پروجیکٹ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنی چاہئے تھی لیکن چونکہ وہ خود ملک میں بدعنوانی کے سب سے لیڈر ہیں، اس لیے انہوں نے اس کا افتتاح کر کے اور تصویریں اتروا کر اپنی روٹی سینک لی۔ پٹولے نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کا ملک کی عوام احترام کرتی ہے لیکن بی جے پی ان کے نام پر بھی بدعنوانی کرنے سے نہیں ہچکچائی۔ مہاراشٹر امت شاہ اور نریندر مودی کے لیے اے ٹی ایم بن گیا ہے۔

واضح رہے کہ اٹل سیتو 17,840 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا تھا۔ یہ 6 لین والا پل ہے جس کی لمبائی تقریباً 21.8 کلومیٹر ہے۔ سمندر کے اوپر اس کی لمبائی تقریباً 16.5 کلومیٹر اور زمین پر تقریباً 5.5 کلومیٹر ہے۔ یہ ہندوستان کا سب سے لمبا پل اور ہندوستان کا سب سے طویل سمندری پل بھی ہے۔ اس پل میں آئسولیشن بیرنگ استعمال کیے گئے ہیں جو 6.5 ریکٹر اسکیل تک کے زلزلوں کو برداشت کر سکتے ہیں۔ نائس بیریئر اور سائلینسر شور کو کم کرتے ہیں، جس سے سمندری جانداروں اور مسافروں کو تکلیف نہیں ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔