بی جے پی رکن اسمبلی کا پی ایم مودی پر حملہ، ’تالی-تھالی بجا کر کورونا بھگاؤ گے؟ بیوقوفی کا ریکارڈ توڑ دیا‘

مودی حکومت کے ذریعہ کورونا وائرس کو لے کر تالی اور تھالی بجانے جیسے پروگراموں پر ان کی ہی پارٹی کے لیڈر سوال اٹھا رہے ہیں۔ حالانکہ سوال اٹھانے والوں سے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر جواب بھی مانگا جا رہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی حکومت کے ذریعہ کورونا وائرس کو لے کر تالی اور تھالی بجانے جیسے پوگرام پر ان کی ہی پارٹی کے لیڈر سوال اٹھا رہے ہیں۔ لیکن سوال اٹھانے والوں کو خمیازہ بھی بھگتنا پڑ رہا ہے کیونکہ ان کے خلاف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔ اتر پردیش کے سیتاپور صدر سے بی جے پی رکن اسمبلی راکیش راٹھوڑ کو پارٹی نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔ دراصل سوشل میڈیا پر رکن اسمبلی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں مبینہ طور پر راکیش راٹھوڑ یہ کہتے ہوئے سنے جا رہے ہیں کہ "کیا تالی اور تھالی پیٹ کر، شنکھ بجا کر کورونا کو ہرایا جا سکتا ہے؟" دعویٰ کیا گیا ہے کہ آڈیو کلپ میں رکن اسمبلی یہ بھی کہتے سنے گئے ہیں کہ جمناسٹ میں دنیا جتنے میڈل حاصل کرتی ہے، اتنا چین تنہا حاصل کر لیتا ہے۔ چین کو تو یہ معلوم ہی نہیں کہ تالی، تھالی بجا کر بھی کورونا بھگایا جا سکتا ہے۔


ہندی نیوز پورٹل 'جن ستّا' پر شائع ایک خبر کے مطابق آڈیو کلپ میں ایک شخص یہ کہتا ہوا سنائی دیتا ہے کہ سیتا پور کے رکن اسمبلی تھالی پیٹنے کے آئیڈیا کو 'بیوقوفی کا ریکارڈ توڑنا' بتا رہے ہیں۔ اسی طرح کی یکساں آواز اور ویسی ہی بات ایک دیگر آڈیو کلپ میں بھی سنائی دیتی ہے۔ وائرل ہو رہے تیسرے آڈیو کلپ میں طنزیہ لہجہ میں کہا جا رہا ہے کہ یو پی میں تو اب رام راج آ چکا ہے۔

تین آڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد اس معاملے کو یو پی بی جے پی نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے جمعرات کو پارٹی مخالف کام کرنے کے لیے رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کیا ہے۔ راٹھوڑ کو ایک ہفتہ کے اندر جواب دینے کے لیے کہا گیا ہے، حالانکہ اس معاملے میں رکن اسمبلی راٹھوڑ کا ابھی تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔


ایک آڈیو کلپ میں رکن اسمبلی اور بدایوں ضلع کے ایک بی جے پی لیڈر کے درمیان بات چیت کا کچھ حصہ ہے۔ شروع میں دونوں بندوق کے لائسنس کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ فون کرنے والے نے اس کے لیے ضلع مجسٹریٹ کو فون کرنے کی بات کہی۔ اس پر رکن اسمبلی یہ کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ لائسنس لکھے نہیں جا رہے ہیں۔ آپ کا تو اور نہیں بنے گا۔ کوئی اعلیٰ ذات کا ہوتا تو اس کا بن گیا ہوتا۔ لیکن آپ لوگ تو بھکت بنے ہوئے ہیں۔ رکن اسمبلی نے پوچھا "کیا آپ نے تالی بجائی تھی؟" اس پر فون کرنے والے نے کہا کہ ان کے علاقے میں خوب تالی بجی۔ شنکھ بھی خوب بجا تھا۔ یہ سنتے ہی رکن اسمبلی نے کہا "آپ تھالی بجائیے کیونکہ آپ لوگ صرف تالی-تھالی بجانے والے ہی ہیں۔"


رکن اسمبلی اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ "آپ بڑے فخر کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ آپ تالی بجا رہے تھے اور پلیٹوں کو پیٹ رہے تھے۔ وہ آپ کو پلیٹوں کو پیٹنے کے لیے کہہ کر آپ کی ملازمت لے رہے ہیں۔ وہ آپ سے تالی، تھالی اور شنکھ بجوائیں گے اور آپ کی ملازمتیں چھین لیں گے۔ کیا اس سے ہم کورونا کو ہرا سکتے ہیں؟ کیا آپ نے ایسا کہیں سنا ہے؟ لیکن آپ لوگ بیوقوفوں کی طرح جوشیلے ہو رہے ہیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔