یوپی حکومت، ’کورونا ٹیسٹنگ‘ کے اعداد و شمار چھپانے کے سنگین نتائج ہوں گے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اتر پردیش میں ہو رہی ٹیسٹنگ کے حوالہ سے عوام کو کئی خدشات ہیں، کورونا جیسی وباء سے مقابلہ کے لئے شفافیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ اتر پردیش میں کرونا کی ٹیسٹنگ کے حوالہ سے متعدد لوگ فکرمند ہیں۔ شفافیت کورونا کے خلاف جنگ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ سماج کے تمام طبقات اور حکومت مل کر ہی اس وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کے ذریعے یوپی حکومت کو کچھ تجاویز بھی دی ہیں۔


پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں چار پوسٹر بھی شیئر کیے ہیں، جن کے ذریعے حکومت کو مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پوری دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ ٹیسٹنگ (طبی معائنہ) ہی کرونا کی روک تھام کی کلید ہے۔ اترپردیش حکومت نے دو دنوں سے ٹیسٹوں کی تعداد کی اطلاع دینا بند کر دیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’ٹیسٹ کے حوالہ سے مکمل شفافیت ہونی چاہیے تاکہ عوام کو معلومات حاصل ہو سکیں اور سماج اور انتظامیہ اس وباء کے خلاف متحد ہو کر لڑ سکیں۔ اعداد و شمار اور سچائی کو چھپانے سے یہ مسئلہ سنگین ہو جائے گا، یوپی حکومت کو یہ بات جلد از جلد سمجھنی ہوگی۔ انہوں نے پوچھا کہ ریاست کی کون سی لیب میں روزانہ کتنے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں؟ ریاست میں کے جی ایم یو سمیت دیگر ٹیسٹنگ لیبز کی روزانہ کی صلاحیت کتنی ہے؟ یہ اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھنا بہت ضروری ہے۔


پرینکا گاندھی نے مزید لکھا ہے کہ اتر پردیش میں، ’پول ٹیسٹنگ‘ (مشترکہ طبی معائنہ) کے نام پر کئی درجن افراد کے نمونے لینے کا کام ایک ہی کٹ سے کیا جا رہا ہے۔ ماہرین صحت نے اس عمل کے لئے سخت قوانین مرتب کیے ہیں، جن پر صحیح طریقہ سے عمل نہ کرنے کا نقصان ہوسکتا ہے۔ حکومت کو پول ٹیسٹنگ کے استعمال میں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں اور عوام کو اس کے بارے میں آگاہ کرنا چاہیے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ میں مشروہ دیا ہے کہ قرنطین (کوارنٹائن) مراکز میں عالمی ادارہ صحت کی رہنما ہدایات پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ ان مراکز میں کھانے پینے اور ناشتے کی دستیابی، طبی عملہ کے ذریعہ روزانہ جانچ اور مرکز کی صفائی کی رپورٹ جاری کی جانی چاہیے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ کسی شخص کے کوارنٹائن سینٹر میں 14 دن کی مدت پوری کرنے اور گھر واپس چلے جانے کے بعد بھی دوبارہ طبی معائنہ کا منصوبے عوام سے واضح کیا جانا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔