ہندوستان میں روزانہ نئی اونچائیاں چھو رہا کورونا، 24 گھنٹے میں ریکارڈ 26.5 ہزار نئے کیسز درج

وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26506 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے کورونا متاثرین کی تعداد 793802 ہو گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ملک میں تیزی سے بڑھ رہے کورونا انفیکشن کے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26506 کیسز سامنے آئے جو اب تک ایک دن میں سب سے زائد ہیں۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 26506 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے کورونا متاثرین کی تعداد 793802 ہو گئی ہے۔ اس سے ایک روز قبل ہی سب سے زائد 24879 کیسز سامنے آ ئے ہیں۔

کورونا وائرس کے تیزی سے بڑھ رہے کیسز کے درمیان راحت کی بات یہ ہے کہ اس وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 19135 مریض صحت یاب ہوئے ہیں جن کو ملا کر مجموعی 495513 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔ فی الوقت ملک میں کورونا انفیکشن کے 276685 ایکٹو کیسز ہیں۔ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 475 ہلاکتوں سے ہلاک شدگان کی تعداد 21604 ہوگئی ہے۔ کورونا وبا سے سب سے زائد متاثر مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 6875 کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی تعداد 230599 ہوگئی اور 219 افراد ہلاک ہوگئے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 9667 ہوگئی۔ ریاست میں 127259 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔


انفیکشن کے معاملے میں دوسرے مقام پر پہنچنتے ہی تامل ناڈو میں متاثرین کی تعداد 1.25 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں کورونا کے کیسز کی تعداد 4231 بڑھ کر 126581 ہوگئی ہے اور اسی دوران 65 ہلاکتوں سے ہلاک شدگان کی بڑھ کر 1765 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 78161 افراد کو علاج کے بعد اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی صورتحال اب کچھ قابو میں ہے اور کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی آئی ہے۔ دارالحکومت میں اب تک 107051 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور اس وبا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 3258 ہوگئی ہے۔ یہاں 82226 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

ملک کی مغربی ریاست گجرات کووڈ- 19 متاثرین کی تعداد کے معاملے میں چوتھے مقام پر ہے لیکن ہلاکتوں کی تعداد کے معاملے میں یہ مہاراشٹر اور دہلی کے بعد تیسرے مقام پر ہے۔ گجرات میں اب تک 39194 افراد اس وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 2008 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ریاست میں 27718 افراد اس وبا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 32362 کیسز سا منے آئے ہیں اور 862 افراد اس وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 21127 مریض صحت یاب ہو ئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ریاستوں کرناٹک اور تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ کرناٹک میں 31105 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 486 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ریاست میں بھی 12833 افراد صحت ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں متاثرین کی تعداد 30946 تک پہنچ چکی ہے اور 331 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اب تک 18192 افراد اس وبا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔


مغربی بنگال میں 25911 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 854 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اب تک 16826 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافے کی وجہ سےیہ فہرست میں راجستھان سے اوپر آ گئی ہے۔ ریاست میں 23814 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ہلاکتوں کی تعداد 277 ہوگئی ہے۔ راجستھان میں بھی کورونا کا قہر عروج پر ہے اور اس سے متاثرین کی تعداد 22563 ہوچکی ہے اور اب تک 491 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 17070 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 19369 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 287 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس وبا سے مدھیہ پردیش میں 634، پنجاب میں 183، جموں و کشمیر میں 154، بہار میں 115، اوڈیشہ میں 52، اتراکھنڈ میں 46، کیرالہ میں 27، جھارکھنڈ میں 23، آسام میں 22، چھتیس گڑھ میں 15، پڈوچیری میں 14، ہماچل پردیش میں 11، گوا میں نو، چندی گڑھ میں سات، اروناچل پردیش اور میگھالیہ میں دو اور تریپورہ اور لداخ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔