کانگریس رام لیلا میدان میں 31 مارچ کو بلند کرے گی ’5 نیائے‘ کی آواز، اروندر لولی نے لیا تیاریوں کا جائزہ
دہلی کانگریس کے صدر اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے جو آواز بلند کی ہے، کانگریس کے کارکنان اسے پورے ملک میں پہنچائیں گے۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے 31 مارچ کو رام لیلا میدان میں ’جمہوریت بچاؤ ملک بچاؤ ریلی‘ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز ’مہا ریلی‘ سے کرے گی۔ اس ریلی سے کانگریس پارٹی کے ’5 نیائے‘ کے تحت 25 گارنٹیوں کی آواز کو خصوصیت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ ریاستی کانگریس کے دفتر میں سینکڑوں کارکنان جھنڈے و ٹوپیاں وغیرہ کانگریس کارکنوں میں تقسیم کرنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
اس عظیم الشان ریلی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اروندر سنگھ لولی کے علاوہ سابق ریاستی صدر سبھاش چوپڑا، سابق ایم ایل اے کنور کرن سنگھ، کارپوریشن میں کانگریس پارٹی کے سابق لیڈر جتیندر کمار کوچر، مدِت اگروال، امت ملک، جگجیون شرما، جے کرن چودھری، سکھبیر شرما، چودھری پریم کمار اور انوج آترے شامل تھے۔ اس موقع پر اروندر لولی نے کہا کہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر جمہوریت کو بچانے کے لیے جو آواز اٹھائی ہے اسے پورے ملک میں کانگریسی کارکنان اٹھائیں گے، جو بی جے پی کی آمرانہ حکومت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں میل کا پتھر ثابت ہوگا۔
اروندر لولی نے کہا کہ 31 مارچ کو رام لیلا میدان کی ’جمہوریت بچاؤ، ملک بچاؤ‘ ریلی اور انڈیا الائنس کے اتحاد کا مظاہرہ ملک کے جمہوری نظام میں تاریخ کی ایک خاص مثال ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کے کارکنان بڑی تعداد میں پارٹی کے جھنڈے ہاتھوں میں لے کر اور پارٹی کی ٹوپیاں پہن کر پہنچیں گے اور پورا رام لیلا میدان کانگریس کے رنگ میں رنگا ہوا دکھائی دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی کانگریس کے ہزاروں کارکنان بے روزگار نوجوانوں، خواتین، محنت کشوں و کسانوں کو نیائے اور حصہ داری دلانے کے مطالبے کے لیے رام لیلا میدان پہنچیں گے۔
اروندر لولی نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں ملک کی 95 فیصد آبادی کے مفادات کے تحفظ کے لیے بی جے پی کی نااہل و آمر حکومت کے خلاف لڑائی لڑی اور کانگریس پارٹی ملک کے لوگوں کے حقوق کی لڑائی مسلسل لڑتی رہی ہے۔ لولی نے مزید کہا کہ ’یووا نیائے‘ کے تحت بھرتی کی یقین دہانی، پہلی نوکری پکی، پیپر لیک سے آزادی اور معیشت میں سماجی تحفظ اور ’یووا روشنی‘ کے تحت نوجوانوں کے لیے 5000 کروڑ روپے کا اسٹارٹ اپ فنڈ بنایا جائے گا۔ ’ناری نیائے‘ کے تحت مہالکشمی، آدھی آبادی کو پورا حق، خواتین کو قانونی اور گرام پنچایت میں اختیار نیز کام کرنے والی خواتین کے لیے ہاسٹل کی تعداد دوگنی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سجاتا آنندن: ایک صحافی، ایک محب وطن اور ایک مخلص دوست
اروندر لولی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سبھی کو ’حصہ داری نیائے‘ کے تحت کانگریس جامع سماجی، معاشی و ذات پر مبنی مردم شماری کراتے ہوئے ایس سی/ایس ٹی/او بی سی کے لیے ریزرویشن کی 50 فیصد حد کو ہٹائے گی۔ آبادی کی بنیاد پر ذیلی منصوبے کی قانونی ضمانت، جل جنگل زمین کا قانونی حق اور اپنی دھرتی اپنا راج کے تحت سب سے بڑی آبادی والے درج فہرست قبائل کے لیے قبائلی علاقہ قرار دینے کی گارنٹی دے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔