’وہ سیریل لائر ہیں‘، مسلم ریزرویشن کے تعلق سے کانگریس کا امت شاہ پر سخت حملہ

کانگریس ترجمان اجے کمار نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ ’سیریل لائر‘ (مسلسل جھوٹ بولنے والے) ہیں، اگر وہ یہ باتیں ٹی ڈی پی اور جے ڈی ایس سے کہیں گے تو ان کی حکومت ہی گر جائے گی۔

کانگریس کے ترجمان اجے کمار
کانگریس کے ترجمان اجے کمار
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل (16 جولائی) کو ہریانہ میں پسماندہ طبقات کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس پر ریزرویشن مخالف ہونے کا الزام لگایا۔ اس دوران انہوں نے کرناٹک میں مسلم ریزرویشن کے حوالے سے کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ ہم ہریانہ میں کانگریس کی حکومت نہیں بننے دیں گے وگرنہ وہ پسماندہ طبقات کا ریزرویشن چھین کر مسلمانوں کو دے دی گی۔ وزیر داخلہ کے اس بیان پر اب کانگریس نے ایک پریس کانفرنس میں سخت جواب دیا ہے۔

کانگریس ترجمان اجے کمار نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ امت شاہ ’سیریل لائر‘ (مسلسل جھوٹ بولنے والے) ہیں، اگر وہ یہ باتیں ٹی ڈی پی اور جے ڈی ایس سے کہیں گے تو ان کی حکومت ہی گر جائے گی۔ کانگریس ترجمان نے کہا کہ امت شاہ پہلے چندرابابو نائیڈو اور جے ڈی ایس سے حمایت لینا بند کریں اور پھر اس طرح کی باتیں کریں۔ اگر امت شاہ اس طرح بولیں گے تو پی ایم مودی خود امت شاہ کو ہی پارٹی سے نکال دیں گے۔


کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ تریپورہ میں کانگریس لیڈروں پر حملے ہو رہے ہیں۔ وہاں دہشت گردی کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں اور اس کی ذمہ داری پی ایم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی ہے کیونکہ یہی لوگ حملے کرواتے ہیں۔ بی جے پی کے لوگ حملے کر رہے ہیں۔ منی پور میں دو برادریوں کو لڑوا دیا۔ حکومت بنانے کے لیے اب یہی تریپورہ میں بھی کر رہے ہیں۔ ان چیزوں کی وجہ سے ملک غیر محفوظ ہوتا جا رہا ہے۔

کانگریس ترجمان  اجے کمار نے الزام لگایا کہ تریپورہ میں کانگریس کے لیڈروں اور کارکنوں کو بری طرح سے مارا جا رہا ہے۔ ہمارے دفاتر توڑے جا رہے ہیں۔ یہ صرف اس لیے ہو رہا ہے کہ پنچایتی انتخابات آنے والے ہیں۔ تریپورہ کی صورتحال صومالیہ سے بھی بدتر ہو گئی ہے۔ بی جے پی نے یہ ٹھان لیا ہے کہ جو بھی اس کے خلاف الیکشن لڑے گا، اسے وہ مروا دے گی۔


اجے کمار کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کو وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھائے ہوئے 38 دن ہو چکے ہیں اور اس دوران 9 بڑے دہشت گردانہ حملے ہوئے ہیں۔ ایک بار پھر جموں و کشمیر کے ڈوڈہ میں ایک دہشت گردانہ تصادم میں ہمارے 4 فوجی شہید ہو گئے۔ گزشتہ 38 دنوں میں 12 فوجیوں کی شہادت سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر کے لوگ خوف کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔