’ریاستوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے اضافی رقم مودی حکومت فوراً مہیا کرائے‘، کانگریس صدر کھڑگے کا مطالبہ

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ سال در سال پیش آ رہیں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مودی حکومت کو بغیر کسی تفریق کے ریاستوں کو اضافی ڈیزاسٹر مینجمنٹ رقم فوراً مہیا کرانی چاہیے۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے /&nbsp;آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے /آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اتراکھنڈ میں زوردار بارش سے ہوئے جان و مال کے نقصان پر آج سخت افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے جمعہ کے روز اس سلسلے میں ایک بیان دیا جس میں کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مودی حکومت کو چاہیے کہ وہ ریاستی حکومتوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مقصد سے اضافی رقم فوراً مہیا کرائے۔

واضح رہے کہ اتراکھنڈ میں زوردار بارش کے سبب خراب ہوئے راستوں کو دیکھتے ہوئے جمعرات کو کیدارناتھ یاترا ملتوی کر دیا گیا، جبکہ ریاست کے مختلف مقامات پر گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش سے متعلق حادثات میں 14 لوگوں کی موت ہو گئی اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔


کھڑگے نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اتراکھنڈ میں بادل پھٹنے، شدید بارش اور لینڈ سلائڈنگ سے کئی لوگوں کی موت کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ جانکاری کے مطابق بہت سارے لوگ لاپتہ ہیں۔ اس مشکل وقت میں ہم اتراکھنڈ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔ متاثرین کے تئیں ہماری گہری ہمدردی ہے اور ہمیں بھروسہ ہے کہ فوج جو بچاؤ کا کام کر رہی ہے، اس سے لوگوں کو تحفظ و راحت ملے گی۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ حکومت و انتظامیہ سے گزارش ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائیں اور متاثرین کو معاوضہ و دیگر امداد فراہم کریں۔ کانگریس صدر نے یہ بھی کہا کہ ملک ماحولیاتی تبدیلی سے نبرد آزما ہے۔ اس وجہ سے سیلاب، شدید بارش، بادل پھٹنا اور کئی دیگر واقعات پیش آ رہے ہیں جس سے کئی ریاستوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی ریاستوں میں تو خشک سالی والی حالت بھی دیکھنے کو ملتی ہے۔ اس کے لیے ہمیں ٹھوس پالیسی تیار کر سبھی کی شراکت داری کے ساتھ سائنسی نظریہ اختیار کر قدم اٹھانے ہوں گے۔ ہمیں اپنے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو بھی درست کرنا ہوگا۔ ان سب کے لیے حکومت کی مثبت پیش قدمی ضروری ہے۔‘‘ ساتھ ہی کھڑگے نے یہ بھی کہا کہ ’’سال در سال ہو رہی ان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مودی حکومت کو بغیر کسی تفریق کے ریاستوں کو اضافی ڈیزاسٹر مینجمنٹ رقم فوراً دستیاب کرانی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔