’چکرویوہ والے بیان کے بعد ای ڈی چھاپہ ماری کا منصوبہ بنا رہی، میں ان کا انتظار کر رہا‘، راہل گاندھی کا دعویٰ

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ای ڈی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ چھاپہ ماری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا کہ میں بازو پھیلا کر ان کا انتظار کر رہا ہوں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے ایوان زیریں میں 29 جولائی کو ’چکرویوہ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک زبردست تقریر کی تھی۔ اس تقریر میں انھوں نے مودی حکومت اور تازہ بجٹ کی بخیا ادھیڑ کر رکھ دی تھی۔ اب راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ پارلیمنٹ میں ان کی اس تقریر کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) ان پر چھاپہ ماری کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

راہل گاندھی نے یہ دعویٰ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کی دیر شب تقریباً 2 بجے کیے گئے اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ظاہر ہے، 2 میں سے ایک کو میرا چکرویوہ والا بیان پسند نہیں آیا ہوگا۔ ای ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ چھاپہ ماری کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’میں بازو پھیلا کر انتظار کر رہا ہوں۔ چائے اور بسکٹ میری طرف سے ہوگا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ 29 جولائی کو لوک سبھا میں اپنی تقریر کے دوران راہل گاندھی نے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر اکیسویں صدی کا نیا چکرویوہ تیار کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس تقریر میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’کروکشیتر میں ہزاروں سال قبل چھ لوگوں نے ابھیمنیو کو چکرویوہ میں پھنسا کر مار ڈالا تھا۔ میں تھوڑی تحقیق کی اور اخذ کیا کہ چکرویوہ کو پدم ویوہ بھی کہتے ہیں، جس کا مطلب ہی ’کمل بنانا‘۔ چکرویوہ کمل کی طرح ہوتا ہے۔ اکیسویں صدی میں ایک نیا چکرویوہ تیار کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم اس کا نشان (کمل) اپنے سینے پر لگاتے ہیں۔ جو ابھیمنیو کے ساتھ کیا گیا، وہی اب ملک کی عوام کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔