’ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بنے گی‘، سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر ہڈا کا دعویٰ
بھوپندر ہڈا نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اکثر کہتے ہیں کہ کانگریس پارٹی دن میں خواب دیکھ رہی ہے، لیکن دن میں خواب کانگریس نے بلکہ بی جے پی لیڈران ہی دیکھ رہے ہیں۔
روہتک پہنچے ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا نے اسمبلی انتخاب کو لے کر ایک بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والے انتخاب میں کانگریس پارٹی ہریانہ میں حکومت بنائے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کا کنبہ لگاتار بڑھ رہا ہے، ہر دن نئے لوگوں کی پارٹی میں شمولیت ہو رہی ہے جس سے گزرتے دن کے ساتھ پارٹی کے لیے حالات بہتر ہو رہے ہیں۔
روہتک میں ڈی-پارک واقع اپنی رہائش پر نامہ نگاروں سے بھوپندر سنگھ ہڈا نے کہا کہ ’’ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بنے گی کیونکہ بی جے پی حکومت کے 10 سال کی حکومت سے لوگ پریشان نظر آ رہے ہیں۔ آج لوگ کانگریس پارٹی کو متبادل کی شکل میں دیکھ رہے ہیں۔ اس لیے روزانہ سینکڑوں لوگ کانگریس پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اسی ضمن میں آج سینکڑوں افراد نے کانگریس پارٹی جوائن کی ہے۔‘‘
ہڈا نے کہا کہ بی جے پی لیڈران اکثر کہتے ہیں کہ کانگریس پارٹی دن میں خواب دیکھ رہی ہے، لیکن سچ تو یہ ہے کہ دن میں خواب کانگریس نہیں بلکہ بی جے پی لیڈران ہی دیکھ رہے ہیں۔ آنے والا وقت ظاہر کر دے گا کہ دن میں خواب کون دیکھ رہا ہے۔
کانگریس کے ریاستی صدر اودے بھان نے اس موقع پر کہا کہ ہریانہ سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنا ہے۔ اودے بھان اس بات سے بہت خوش دکھائی دیے کہ بڑی تعداد میں لوگوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح سے کانگریس پارٹی کا کنبہ بڑھ رہا ہے، اس سے صاف لگتا ہے کہ آنے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کو ہریانہ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ آج جن لوگوں نے کانگریس کی رکنیت حاصل کی ہے، وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ مشکل وقت میں جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، ان لوگوں کو پارٹی ہمیشہ عزت بخشے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔