سی این جی کی قیمت گزشتہ 14 ماہ میں 73 فیصد بڑھی، پی این جی کی قیمت بھی تقریباً دوگنی ہو گئی

دہلی میں سی این جی کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے، قومی راجدھانی میں سی این جی کی نئی قیمت 79.56 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے، نئی شرحیں 17 دسمبر یعنی ہفتہ کی صبح چھ بجے سے نافذ ہو چکی ہیں۔

سی این جی، تصویر آئی اے این ایس
سی این جی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں سی این جی کی قیمت ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ قومی راجدھانی میں سی این جی کی نئی قیمت 79.56 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ نئی شرحیں 17 دسمبر یعنی ہفتہ کی صبح چھ بجے سے نافذ ہو چکی ہیں۔ جمعہ تک دہلی میں سی این جی کی قیمت 78.61 روپے فی کلوگرام تھیں، یعنی تازہ اضافہ 95 پیسے فی کلوگرام کا ہوا ہے۔ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیمت 82.12 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے جبکہ گروگرام میں یہ 87.89 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔

دہلی اور گروگرام میں سی این جی کی قیمتوں میں تقریباً آٹھ روپے کا فرق ہے۔ گزشتہ ایک سالوں کے دوران ملک کی راجدھانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سی این جی کی قیمتوں میں 70 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہو گیا ہے۔ دہلی میں سی این جی کی قیمت اس سے قبل آٹھ اکتوبر کو بدلی تھی۔ اس دوران قیمتوں میں تین روپے فی کلوگرام کا اضافہ کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں اکتوبر ماہ میں گروگرام میں سی این جی 86.94 روپے فی کلوگرام تھی جبکہ نوئیڈا و غازی آباد میں 81.17 روپے فی کلوگرام ہو گئی تھی۔


گزشتہ ایک سال کے دوران سی این جی تقریباً 73 فیصد تک مہنگا ہو گیا ہے۔ یکم اکتوبر کو سی این جی 45.5 روپے فی کلوگرام پر فروخت ہو رہا تھا جبکہ آج یعنی 17 دسمبر کو سی این جی 79.56 روپے فی کلوگرام ہو گیا ہے۔ ایسے میں گزشتہ 14 ماہ کے دوران سی این جی 34.06 روپے فی کلوگرام مہنگا ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ سے کمرشیل گاڑی مالکان کے ساتھ ساتھ نجی طور سے سی این جی گاڑیوں کا استعمال کرنے والے بھی کافی پریشان ہیں۔

اکتوبر ماہ میں آئی جی ایل نے گھریلو رسوئی میں استعمال ہونے والی پائپڈ قدرتی گیس (پی این جی) کی شرح دہلی میں 50.59 روپے فی ایس سی ایم سے بڑھا کر 53.59 روپے فی ایس سی ایم میٹر کر دی تھی۔ اگست 2021 کے بعد سے پی این جی شرحوں میں یہ دسواں اضافہ تھا۔ قیمتوں میں 29.93 روپے فی ایس سی ایم یا تقریباً 91 فیصد کا اضافہ ہو گیا تھا۔ اس وقت آئی جی ایل نے کہا تھا کہ نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام کے ساتھ ساتھ اتر پردیش کے کانپور اور راجستھان کے اجمیر جیسے دیگر شہروں میں بھی سی این جی اور پی این جی کی شرحوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پی این جی کی قیمتوں میں اضافہ سے عام آدمی کے گھر کا بجٹ بھی متاثر ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔