آر جے ڈی کی افطار پارٹی میں شریک ہونے والے وزیر اعلیٰ نتیش نے اب لالو خاندان کو دعوتِ افطار میں کیا مدعو
وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جماعت جے ڈی یو نے دعوت افطار کا اہتمام کیا ہے اور اس میں لالو یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو مدعو کیا ہے۔
پٹنہ: رمضان کے آخری عشرے میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے دعوت افطار دیئے جانے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ حال ہی میں آر جے ڈی کی سربراہ رابڑی دیوی کی افطار پارٹی میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شرکت کر کے سب کو حیران کر دیا تھا۔ اب وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جماعت جے ڈی یو نے دعوت افطار کا اہتمام کیا ہے اور اس میں لالو یادو، رابڑی دیوی، تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ یادو کو مدعو کیا ہے۔
خیال رہے کہ آر جے ڈی نے 22 اپریل کو افطار پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔ اس پارٹی میں نتیش کمار نے بھی شرکت کی تھی۔ اس پارٹی کے بعد بہار میں سیاست اس وقت گرم ہو گئی جب لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو نے اعلان کر دیا کہ ان کے اور وزیر اعلیٰ کے درمیان خفیہ ڈیل ہو گئی ہے اور جلد ہی بہار میں تیجسوی حکومت بنے گی۔
گزشتہ کچھ دن کے واقعات پر نظر ڈالیں تو نتیش کمار کے حوالہ سے تیج پرتاپ کا رویہ کافی نرم رہا ہے۔ تیج پرتاپ پہلے بھی نتیش کو عظیم اتحاد میں واپسی کی تجویز دے چکے ہیں۔ کچھ دن قبل انہوں نے ’انٹری نتیش چچا‘ میسج سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا، جس کے بعد قیاس آرائیوں کا دور شروع ہو گیا تھا۔
تاہم رابڑی دیوی کی افطار پارٹی میں شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا تھا کہ افطار پارٹی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ روایت رہی ہے۔ ہم لوگ بھی افطار پارٹی میں سبھی پارٹیوں کے لوگوں کو بلاتے ہیں۔ افطار کا انعقاد کیا جاتا ہے تو اس کا احترام تو کرنا ہی پڑتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔