بہار: سشیل مودی کی کمی کا وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کیا اعتراف
وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے بعد نتیش کمار سے جب نامہ نگاروں نے سوال کیا کہ کیا وہ سشیل مودی کی کمی محسوس کر رہے ہیں، تب انہوں نے اس کا جواب ہاں میں دیا۔
پٹنہ: بہار کی نتیش حکومت میں قریب تیرہ سال تک نائب وزیرعلیٰ رہے سشیل کمار مودی کی کمی آج ساتویں بار وزیراعلیٰ نتیش کمار کو بھی محسوس ہورہی ہے۔ نتیش کمار نے آج بہار میں ساتویں بار وزیراعلیٰ کے عہدہ ا ورازداری کا حلف لیا۔ انہیں بہار کی ترقی کو اونچائیوں پر لے جانے کیلئے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حلیف جنتادل یونائٹیڈ (جے ڈی یو)، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) اور ویکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے چودہ نئے وزیروں کی ایک ٹیم تو ملی، لیکن اس ٹیم میں اب تک ان کے ساتھ ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے والے نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی نہیں ہیں۔
وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے بعد نتیش کمار سے جب نامہ نگاروں نے سوال کیا کہ کیا وہ سشیل مودی کی کمی محسوس کر رہے ہیں، تب انہوں نے اس کا جواب ہاں میں دیا۔ لیکن اس سے زیادہ مزید انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ”ہر بار کچھ نیا ہوتا ہے اور اس مرتبہ بھی نیا ہوگا۔ سبھی مل کر اچھا کام کریں گے“۔
دوسری طرف سشیل مودی سے جب نامہ نگاروں نے انہیں نائب وزیراعلیٰ نہیں بنائے جانے سے متعلق سوال کیاتو انہوں نے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ وہ نامہ نگاروں کے تمام سوالات پر خاموش رہے۔ نامہ نگاروں سے گھرے مودی خاموشی کے ساتھ آگے بڑھتے گئے او ر گورنر ہاؤس میں جہاں ناشتے کا انتظام تھا، وہاں تنہا گئے۔ کچھ میٹھی چیزیں اور نمکین لے کر ایک ٹیبل پر بیٹھ گئے۔ انہیں تنہا دیکھ کر بی جے پی کے کچھ کارکن ان کا ساتھ دینے آگئے۔ وہیں ان سے کچھ ہی فاصلے پر گورنر پھاگو چوہان، وزیراعلیٰ نتیش کمار، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ اور بہار میں بی جے پی کے انتخابی انچارج دیویندر فڑنویس الگ ناشتہ کر رہے تھے۔ تھوڑی دیر بعد سشیل مودی بغیر ان لیڈران سے ملے اپنی گاڑی پر بیٹھ کر گورنر ہاؤس سے باہر چلے گئے۔
دیویندر فڑنویس سے جب نامہ نگاروں نے سشیل مودی سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں نسلیں بدلتی ہیں اور نئے لوگوں کو موقع دیاجاتا ہے۔ اسی عمل میں کچھ نئے لوگوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سشیل مودی اچھے لیڈر ہیں، وہ بی جے پی کے سرمایہ ہیں۔ انہوں نے بہار میں وزیر مالیات کے طور پر بہت اچھا کام کیا ہے۔ انہیں لگتاہے کہ ان کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے پارٹی سشیل مودی کو بڑی ذمہ داری دے گی۔
مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ سے جب پوچھاگیا کہ اب بہار میں بی جے پی بڑے بھائی کے کردار میں ہوگی، اس پر انہوں نے کہاکہ یہاں کوئی بڑا بھائی چھوٹا بھائی نہیں ہے۔ حکومت کا مکھیا ہی اہم ہے اور وہی بڑا بھائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اب اپنی نئی شکل میں وزیراعلیٰ کو زیادہ طاقت فراہم کر کے بہار کی حکومت کو زیادہ توانائی فراہم کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔