راجستھان: ’چلو بھاگو، یہی ہے میرا بھاشن‘، انتخابی جلسے میں بھیڑ نہ ہونے سے ناراض وزیر محترم اسٹیج سے ہی اتر گئے

راجستھان حکومت کے وزیر کیروڑی لال مینا بھیڑ جمع نہ ہونے سے اس قدر ناراض ہوئے کہ کارکنان کو ہی برا بھلا کہنا شروع کر دیا۔ وہ بی جے پی امیدوار کنیہا لال مینا کے لیے ایک جلسۂ عام سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔

بی جے پی / علامتی تصویر
بی جے پی / علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات کے دوران انتخابی جلسوں میں لوگوں کی بھیڑ جمع کرنا سیاسی پارٹی کے کارکنان کے لیے ایک بڑا درد سر ہوتا ہے۔ اس کے لیے کرائے تک پر لوگوں کو جمع کیے جانے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ مگر دلچسپ صورت حال تو اس وقت ہو جاتی ہے جب کرائے پر بھی لوگ انتخابی جلسوں میں شریک نہیں ہوتے۔ ایسا ہی ایک واقعہ راجستھان میں سامنے آیا ہے جہاں ایک انتخابی جلسے میں بھیڑ جمع نہیں ہوئی۔ اس سے ناراض ہو کر جلسے سے خطاب کرنے کے لیے تشریف لائے وزیر محترم اسٹیج سے ہی اتر گئے۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کے مطابق لوک سبھا انتخابات کی مہم میں مصروف راجستھان حکومت کے کابینی وزیر کیروڑی لال مینا پیر (15 اپریل) کی شام 5 بجے دوسہ لوک سھا حلقے سے بی جے پی کے امیدوار کنیہا لال مینا کی حمایت میں بِسّی کے کھوری بالا جی مندر کے پاس ایک جلسۂ عام سے خطاب کرنے پہنچے تھے۔ جلسہ گاہ میں پہنچنے پر انہوں نے دیکھا کہ انہیں سننے کے لیے بھیڑ ہی جمع نہیں ہوئی۔ اس سے وہ اس قدر ناراض ہوئے کہ کارکنان پر ہی چیخنے لگے۔


راجستھان حکومت کے وزیر کیروڑی لال مینا کی اس ناراضگی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیروڑی لال مینا جلسے میں بھیڑ جمع نہ ہونے سے اس قدر ناراض ہوتے ہیں کہ کارکنان کو ہی برا بھلا کہنا شروع کر دیتے ہیں۔ ویڈیو میں وزیر محترم یہ کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ ’’آپ کو شرم آنی چاہیے، ایسی میٹنگ کے لیے۔‘‘ اس کے بعد بھی جب بات نہیں بنی تو ناراض ہو کر وہ اسٹیج سے ہی اتر جاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’چلو اپنے اپنے گھر، یہی میرا بھاشن ہے، چلو..بھاگو.. ہٹو۔‘‘

مقامی کارکنان کے مطابق راجستھان حکومت کے کابینی وزیر کیروڑی لال مینا نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ایک ایماندار شخص کو شکست دینے کے بعد اگر آپ نے میری عزت نہیں رکھی تو اب کیا رکھو گے؟ میں پی ایم مودی جی کو فون کر کے بول دیتا ہوں کہ بِسّی کے لوگ تو پاگل ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر کیروڑی لال غصے میں آ گئے اور اسٹیج سے نیچے اتر کر گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔