سیب کی صنعت کو برباد ہونے سے بچانے کے لئے سیب خریدیں، سوشل میڈیا مہم
سابق سینئر صحافی و معروف مصنفہ نعیمہ مہجور کشمیری اپنے ایک ٹوئٹ میں کہتی ہیں کہ پیارے کشمیریوں، کشمیر کی سیب صنعت، جس کو دانستہ طور پر تباہ کیا گیا ہے، کے تحفظ کے لئے کشمیری سیب خریدیں۔
سری نگر: کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیبوں کی برآمد بری طرح سے متاثر ہوجانے کے پیش نظر سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت لوگوں سے کشمیر کی سیب صنعت کو برباد ہونے سے بچانے کے لئے کشمیری سیب خریدنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : لاک ڈاؤن میں توسیع کے امکانات لیکن کچھ نرمی کے ساتھ
بتادیں کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کے پیش نظر سیب کاشتکاروں کو مال بیچنے کے لئے مارکیٹ دستیاب نہیں ہے جس کے نتیجے میں زائد 30 لاکھ سیب ڈبے کولڈ اسٹوریج میں پڑے ہوئے ہیں۔ سیب ڈبوں کو کولڈ اسٹوریج میں رکھنے کے لئے سیب کاشتکاروں کو ماہانہ فی ڈبہ 35 روپے اور 100 روپے گریڈنگ کے لئے ادا کرنا پڑتے ہیں تاکہ مال خراب نہ ہوجائے۔
سابق سینئر صحافی و معروف مصنفہ نعیمہ مہجور کشمیری سیب صنعت کے تحفظ کے لئے کشمیری سیب خریدنے کی لوگوں کو اپیل کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہتی ہیں کہ 'پیارے کشمیریوں، کشمیر کی سیب صنعت، جس کو دانستہ طور پر تباہ کیا گیا ہے، کے تحفظ کے لئے کشمیری سیب خریدیں۔ برائے مہربانی اس کو ٹرینڈ کریں، میرے تمام فالوورس سے گزارش ہے کہ یہ پیغام عام کرکے سیب کاشتکاروں کی مدد کریں'۔
وادی کے سینئر صحافی عنایت جہانگیر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہتے ہیں کہ 'کیا آپ یقین کریں گے کہ آج سو روپے فی کلو کشمیری سیب چالیس روپے فی کلو تربوزہ سے سستا ہے؟ جانتا ہوں کہ یہ بات ہضم ہونا مشکل ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے۔ رواں رمضان کے دوران مقامی سیب خرید کر مقامی سیب کاشتکاروں کی حمایت کریں'۔
تنویر احمد قریشی نامی ایک شہری کا اپنے ایک ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ 'میں نے پانچ کلو کشمیری سیبوں کی ہوم ڈلیوری کے لئے ساڑھے چھ سو روپے ادا کردیئے۔ جب ہم گوشت فی کلو چھ سو روپے میں خرید سکتے ہیں تو سیب کاشتکاروں کی مدد کے لئے کیوں نہ مہینے میں ایک بار سیب خریدیں'۔ آصف ڈار نامی ایک ٹوئٹر صارف اپنے ایک ٹوئٹ میں کہتا ہے کہ 'برائے مہربانی سیب خریدیں یہ وقت کی ضرورت ہے۔ کہاوت ہے دن میں ایک سیب کھانے سے بیماری کو دور رکھا جاسکتا ہے لیکن کشمیر میں اس سے غریبی سے دور رہا جاسکتا ہے'۔
میر اشرف نامی ایک صارف نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'رمضان کے دوران کشمیر میں روزانہ قریب پونے تین کروڑ کے تربوزے کھائے جاتے ہیں جبکہ بمشکل ہی کوئی سیب خریدتا ہے۔ کیوں نہ ہم رواں رمضان کے دوران اپنے کاشتکاروں کے ساتھ کھڑے رہیں اور دوسرے پھلوں کے بجائے سیب خریدیں تاکہ ہماری یہ مقامی معشیت تباہ ہونے سے بچائی جاسکے'۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر میں سیبوں کی سالانہ پیداوار 22 میٹرک ٹن ہے جو ملک کی کل پیداوار کا 70 فیصد حصہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔