سیاسی حلقہ میں بھی رشی کپور کے انتقال سے غم و اندوہ، آئیے جانتے ہیں کس نے کیا کہا...

مرکز سے لے کر ریاستی سطح کے لیڈران اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے یا پھر میڈیا کے ذریعہ رشی کپور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

رشی کپور کے انتقال کی خبر سے سیاسی حلقے میں بھی غم کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مرکز سے لے کر ریاستی سطح کے لیڈران اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر یا پھر میڈیا کے ذریعہ افسوس کا اظہار کر رہے ہیں اور رشی کپور کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردی کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ کچھ اہم بڑی سیاسی شخصیات نے رشی کپور کے تعلق سے کیا رد عمل پیش کیا...

نریندر مودی:

پی ایم مودی نے رشی کپور کے انتقال پر اپنے ٹوئٹ میں اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "کثیر جہتی، محب اور زندہ و تابندہ۔ یہ رشی کپور جی تھے۔ وہ صلاحیت کے پاور ہاؤس تھے۔ میں ہمیشہ سوشل میڈیا پر اپنی بات چیت کو یاد کروں گا۔ وہ فلموں اور ہندوستان کی ترقی کے بارے میں جذباتی تھے۔ ان کے انتقال سے غمزدہ ہوں۔ ان کے اہل خانہ اور شیدائیوں کے تئیں ہمدردی۔"


راہل گاندھی:

رشی کپور کے انتقال کی خبر پر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اظہارِ غم کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ”ہندوستانی سنیما کے لیے یہ ایک بھیانک ہفتہ رہا، جس میں ایک دیگر مشہور اداکار رشی کپور کا انتقال ہو گیا۔ ایک حیرت انگیز اداکار، جس کے شیدائی کئی نسلوں سے تعلق رکھتے ہیں، انھیں بہت یاد کیا جائے گا۔ اس غم کے وقت میں ان کے اہل خانہ، دوستوں اور شیدائیوں سے میری ہمدردی۔“


پرکاش جاوڈیکر:

مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے رشی کپور کے انتقال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ "رشی کپور کی اچانک موت حیران کرنے والی خبر ہے۔ وہ نہ صرف ایک عظیم اداکار تھے بلکہ ایک اچھے انسان بھی تھے۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور شیدائیوں کے تئیں میری ہمدردی ہے۔"


اروند کیجریوال:

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے رشی کپور کے انتقال پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ "اداکار رشی کپور کے اچانک انتقال کی خبر سے بہت غمزدہ ہوں۔ انھوں نے اپنی اداکاری سے کئی نسلوں کو تفریح کا موقع فراہم کیا۔ ان کی موت ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میں ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ بھگوان ان کی روح کو سکون عطا کرے۔"


اکھلیش یادو:

اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے رشی کپور کی موت پر تعزیتی پیغام میں کہا کہ "نوجوان دلوں کی دھڑکن رہے کثیر جہتی اداکارانہ صلاحیت کے مالک رشی کپور جی کا انتقال ایک دور کا خاتمہ ہے۔ انھیں نمناک خراج عقیدت۔" ساتھ ہی اپنے ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ "ان کی گنگناتی یادیں یوں ہی گونجتی رہیں گی: چل کہیں دور نکل جائیں...۔"


Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔