بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے ’کورونا ویکسین‘ پر اٹھائے سوال، کہا ’اب تک 71 افراد ہلاک‘
سبرامنیم سوامی کا کہنا ہے کہ ’’نیتی آیوگ نے ایک رپورٹ دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک کوئی رپورٹ نہیں آئی۔ پارلیمانی ہیلتھ اسٹینڈنگ کمیٹی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں سمن جاری کیا جائے۔‘‘
کورونا ویکسین کو لے کر کئی طرح کے خدشات اب بھی لوگوں کے ذہن میں ہیں، اور کورونا کی خوراک لینے کے بعد کچھ لوگوں کی اموات نے خوف بھی پیدا کر دیا ہے۔ اس درمیان بی جے پی لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سبرامنیم سوامی نے بھی کورونا ویکسین کو لے کر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ’’میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹیکہ لگوانے کے بعد 71 لوگوں کی موت ہوئی ہے جن میں سے 70 نے آکسفورڈ اے زیڈ ویکسین لگوائی تھی، جس کا پروڈکشن سیرم انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔‘‘
ٹوئٹ میں سبرامنیم سوامی نے اس سلسلے میں نیتی آیوگ کے ذریعہ کوئی رپورٹ نہیں سونپے جانے پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’اس ایشو پر نیتی آیوگ نے ایک رپورٹ دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ابھی تک ان کی طرف سے رپورٹ نہیں آئی ہے۔ میں پارلیمانی ہیلتھ اسٹینڈنگ کمیٹی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں اسے (نیتی آیوگ کو) سمن جاری کیا جائے۔‘‘
واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا ٹیکہ کاری کی شروعات کے بعد سے اب تک ملک کے مختلف حصوں میں لوگوں کے بیمار ہونے اور اموات کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ کچھ میں اموات کے پیچھے دیگر اسباب ہونے کی بات بھی کہی گئی تھی۔ اس کے باوجود کئی لوگوں نے کورونا ویکسین پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ بہر حال، ہندوستان میں جنوری ماہ میں ٹیکہ کاری کی شروعات ہوئی تھی اور 14 مارچ تک 2.9 کروڑ سے زیادہ خوراک لوگوں کو دی جا چکی ہے۔ ان میں سے 18 فیصد کو دوسری خوراک بھی دی جا چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔