مہاراشٹر بی جے پی کو زبردست جھٹکا، سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے دیا استعفیٰ، این سی پی میں شمولیت جلد

مہاراشٹر بی جے پی کو آج اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب پارٹی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے استعفیٰ دے دیا، اور پھر ریاستی حکومت میں وزیر جینت پاٹل نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کو کھڈسے این سی پی میں شامل ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مہاراشٹر میں بی جے پی کے لیے پریشانیاں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کیونکہ سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے نے پارٹی کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ کھڈسے کا یہ قدم بی جے پی کے لیے کافی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ کھڈسے ریاست میں اپنی ایک علیحدہ شناخت رکھتے ہیں اور ان کے اس قدم سے کئی بی جے پی کارکنان بھی پارٹی سے الگ ہو جائیں گے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے سینئر لیڈر ایکناتھ کھڈسے بہت جلد این سی پی کا دامن تھام سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی لیڈر جینت پاٹل نے کہا کہ جمعہ کو کھڈسے شرد پوار کی موجودگی میں دوپہر دو بجے این سی پی میں شامل ہوں گے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایکناتھ کھڈسے نے اپنا استعفیٰ آج مہاراشٹر بی جے پی صدر چندرکانت پاٹل کو بھیج دیا ہے۔ انھوں نے ریاستی صدر کو لکھے خط میں کہا ہے کہ وہ پارٹی کے سبھی عہدہ سمیت پرائمری رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہے ہیں۔ استعفیٰ کی وجہ انھوں نے نجی بتائی ہے۔


مہاراشٹر سرکار میں وزیر جینت پاٹل کا کہنا ہے کہ ایکناتھ کھڈسے نے بی جے پی کو 'بائے بائے' بول دیا ہے۔ اسی درمیان خبر ہے کہ کھڈسے کے آبائی شہر جلگاؤں-مکتائی نگر میں پہلے ہی کھڈسے حامیوں نے بڑے بڑے بینر لگا دیئے۔ کھڈسے حامیوں کا کہنا ہے کہ انھیں طویل مدت سے پارٹی میں نظر انداز کیا جا رہا تھا۔ کھڈسے مہاراشٹر میں بی جے پی او بی سی کا سب سے بڑا چہرہ مانے جاتے ہیں۔

کچھ دن قبل ایسی خبریں آئی تھیں کہ ایکناتھ کھڈسے پارٹی چھوڑنے والے ہیں، کیونکہ انھیں کنارہ کیا جا رہا تھا۔ حالانکہ تب بی جے پی کے ریاستی صدر چندرکانت پاٹل نے ان دعووں کو غلط بتایا تھا۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے کھڈسے کے رشتے اچھے نہیں تھے۔ مانا جاتا رہا ہے کہ فڑنویس کے سبب ہی کھڈسے کو پارٹی میں سائیڈ لائن کیا جا رہا تھا۔ ایسے الزام ان کے حامی بھی لگاتے رہے ہیں۔ بہر حال اب کھڈسے نے بی جے پی کا دامن چھوڑ دیا ہے اور میڈیا میں وہ خط بھی سامنے آ گیا ہے جو انھوں نے بی جے پی ریاستی صدر چندرکانت پاٹل کو بطور استعفیٰ نامہ لکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔