مدھیہ پردیش: شیوراج کابینہ میں وزیر تلسی رام سلاوٹ کا وزیر کے عہدے سے استعفیٰ
تلسی رام سلاوٹ نے استعفی میں اپنی مرضی سے وزیر کا عہدہ چھوڑنے کی بات کا ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی ہے کہ استعفی 20 اکتوبر کی دوپہر سے قبول کیا جائے، استعفی آج میڈیا کے سامنے آیا۔
بھوپال: مدھیہ پردیش کے آبی وسائل اور مچھوا کلیان اور ماہی پروری کی ترقی کے وزیر تلسی رام سلاوٹ نے وزیر کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ تلسی رام سلاوٹ نے 20 اکتوبر کی تاریخ میں لکھا اپنا استعفی وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کو بھیج دیا ہے۔ استعفی میں سلاوٹ نے اپنی مرضی سے وزیر کا عہدہ چھوڑنے کی بات کا ذکر کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپیل کی ہے کہ استعفی 20 اکتوبر کی دوپہر سے قبول کیا جائے، استعفی آج میڈیا کے سامنے آیا۔
دراصل سلاوٹ حال میں رکن اسمبلی نہیں ہیں، آئینی التزام کے مطابق کوئی بھی شخص رکن اسمبلی بنے بغیر زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے لئے وزیر کے عہدے پر رہا جا سکتا ہے۔ وہ چھ ماہ پہلے شیوراج سنگھ چوہان کابینہ میں وزیر کے طور پر شامل ہوئے تھے۔
تلسی رام سلاوٹ حال میں اندور ضلع کی سانویر اسمبلی سیٹ پر ہو رہے ضمنی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کا اہم مقابلہ کانگریس کے پریم چند گڈو سے ہے۔ ریاست میں ابھی 28 سیٹوں کے ساتھ سانویر میں بھی ووٹنگ تین نومبر کو ہوگی اور نتیجے دس نومبر کو سامنے آئیں گے۔
تلسی رام سلاوٹ سال 2018 کے اسمبلی الیکشن میں سانویر سے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن جیتے تھے۔ اس کے بعد وہ اس وقت کی کمل ناتھ حکومت میں وزیر بنے تھے۔ ریاست میں اس سال کے سیاسی واقعات کی وجہ سے سلاوٹ نے مارچ ماہ میں رکن اسمبلی کے عہدے سے استعفی دے کر جیوترآدتیہ سندھیا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔
مارچ ماہ میں ہی ریاست میں اقتدار میں تبدیلی آئی اور بی جے پی حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی شیوراج سنگھ چوہان وزیراعلی بنے۔ اس کے بعد اپریل ماہ میں چوہان نے سلاوٹ کو وزیر بنایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔