’چین نے ہندوستان کی 1200 مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا، لیکن وزیر اعظم ایک لفظ نہیں بولتے‘
راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم چین کا نام نہیں لے رہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک کے عوام کی توجہ اس جانب جائے کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی چین تنازعہ پر مودی حکومت کو لگاتار ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ انہوں نے بدھ کے روز کہا کہ چین نے ہندوستان کی 1200 مربع کلومیٹر زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے پاس بھارت ماتا کی زمین پر کہنے کے لئے ایک لفظ بھی نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے کہا، "وزیر اعظم چین کا نام نہیں لے رہے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ملک کے عوام کی توجہ اس جانب جائے کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کر لیا ہے۔"
گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی کے شام چھ بجے قوم سے خطاب سے قبل بھی راہل گاندھی نے چین کا مسئلہ اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم کو ملک کو یہ بتانا چاہیے کہ چینی فوجیوں کو کس تاریخ تک ہندوستانی سرحد سے باہر نکالا جائے گا۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، "قابل احترام وزیر اعظم، اپنے چھ بجے کے خطاب میں براہ کرم اس ملک کو بتائیں کہ آپ چین کو کس تاریخ کو ہندوستانی سرزمین سے باہر پھینکیں گے۔ شکریہ''
تاہم وزیر اعظم مودی نے شام چھ بجے چین پر تو کوئی بات نہیں کی، کورونا کے وبائی مرض پر انہوں نے ضرور بات کی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ لاک ڈاؤن ختم ہو گیا ہے لیکن کورونا وائرس کا خاتمہ نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ جب تک اس وبا کی ویکسین نہیں آتی اس وقت تک کورونا کے خلاف ملک کی لڑائی کو کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ ہندوستان اور چین کے مابین گزشتہ تقریباً چھ ماہ سے تناؤ چل رہا ہے۔ اس تعطل کو کم کرنے کے لئے، دونوں ممالک کے مابین سفارتی اور فوجی سطح پر کئی مراحل کی میٹنگیں ہوئی ہیں اور بڑی تعداد میں دونوں ممالک کے فوجی سرحد کے دونوں جانب تعینات ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔