’اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی پر قابل اعتراض تبصرہ کے لیے مالویہ کو برخاست کیجیے‘، جئے رام رمیش نے نڈا کو لکھا خط

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے بی جے پی صدر نڈا کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وزیر اعظم مودی اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو چاہیے کہ وہ امت مالویہ کے تبصرہ کو خارج کرے۔

بی جے پی آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کانگریس نے بی جے پی صدر جے پی نڈا سے گزارش کی ہے کہ سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل سے متعلق قابل اعتراض تبصرہ کرنے والے برسراقتدار پارٹی کے آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ کو برخاست کیا جائے۔ ساتھ ہی بی جے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ’غیر حساس‘ تبصرہ کے لیے ملک سے معافی مانگے۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے اس تعلق سے ایک خط بی جے پی صدر جے پی نڈا کے نام لکھا ہے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کو مالویہ کے تبصرہ کو خارج کرنا چاہیے۔ یہ خط کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ ’’میں بی جے پی کے آئی ٹی سیل چیف امت مالویہ کے ذریعہ کیے گئے حالیہ تبصرہ سے متعلق گہری فکر اور مایوس کے ساتھ لکھ رہا ہوں۔ سابق وزرائے اعلیٰ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے قتل کو لے کر کیا گیا ان کا تبصرہ نہ صرف انتہائی غیر حساس ہے، بلکہ تنگ ذہنی پر مبنی سیاسی فائدہ کے لیے افسوسناک تاریخی واقعات کو کمتر دکھانے کی کوشش بھی ہے۔‘‘


جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ایسے تبصرے نہ صرف ہمارے قابل احترام قائدین کی یادوں کو مسخ کرتی ہیں بلکہ ملک میں سیاسی مباحث کے لیے ایک قابل مذمت مثال بھی قائم کرتی ہیں۔ انھوں نے خط میں لکھا ہے کہ ’’آپ کی (نڈا) پارٹی ہماری تاریخ کو پھر سے لکھنا اور اس کو بے عزت کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، اس لیے آپ کو ہماری تعمیر ملک سے متعلق کوششوں میں اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی جی دونوں کے بے پناہ تعاون کی یاد دلانا ضروری ہے۔‘‘ پھر وہ لکھتے ہیں ’’اندرا گاندھی نے چیلنج بھرے وتق کے دوران ہمارے ملک کی سالمیت کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار نبھایا۔ راجیو گاندھی کی کوششوں سے امن معاہدے کی شروعات ہوئی جس سے جنگ سے متاثر علاقوں میں استحکام پیدا ہوا۔ ان لیڈران کا قتل ہمارے ملک کی تاریخ کے سب سے سیاہ ابواب میں سے ایک ہے، ان کی وراثت کو کم کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے اور اس کی سخت مخالفت کی جائے گی۔‘‘

جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’امن کی عالمی علامتیں اور ہمارے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے افسوسناک قتل کی طرف آپ کی توجہ مبذول کرنا بھی ضروری ہے، جنھیں اسی ادارے کے ذریعہ سے آگے بڑھائی گئی نفرت اور تقسیم کے نظریات کے ذریعہ مارا گیا تھا جو بی جے پی کی رہنمائی کرتی ہے۔‘‘ کانگریس جنرل سکریٹری نے جے پی نڈا سے کہا کہ ’’اگر بی جے پی واقعی میں ہمارے ملک کی تاریخ اور اس کے قائدین کا احترام کرتی ہے تو میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ مالویہ کو فوراً ان کے عہدہ سے ہٹایا جائے اور ہندوستان کے لوگوں سے بلاشرط معافی مانگی جائے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔