یوپی ضمنی انتخاب میں بی جے پی سبھی سیٹیں ہار رہی، 2027 اسمبلی انتخاب میں بھی اس کا صفایا ہوگا: اکھلیش یادو
اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بیدار عوام نے 2024 لوک سبھا انتخاب میں ان کی پارٹی کے 37 اراکین پارلیمنٹ کو کامیاب بنا کر ملک کی تیسری سب سے بڑی پارٹی بنا دیا اور بی جے پی کا 400 پار کا نعرہ ہوا ہو گیا۔
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ ریاست میں نہ صرف آئندہ ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا، بلکہ 2027 کے اسمبلی انتخاب میں بھی برسراقتدار پارٹی کا صفایا ہو جائے گا۔
سماجوادی پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اکھلیش یادو نے 10 ستمبر کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر کے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا جلسہ گاہ میں کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’2027 میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کا صفایا ہونا طے ہے، کیونکہ ضمنی انتخاب میں بی جے پی سبھی سیٹیں ہارنے جا رہی ہے۔‘‘ بیان کے مطابق اکھلیش یادو نے کہا کہ بیدار عوام نے 2024 لوک سبھا انتخاب میں ان کی پارٹی کے 37 اراکین پارلیمنٹ کو کامیاب بنا کر ملک کی تیسری سب سے بڑی پارٹی بنا دیا اور بی جے پی کا 400 پار کا نعرہ ہوا ہو گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب بی جے پی کی تکبر والی سیاست پر کنٹرول لگ چکا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے جمہوری نظام کا چہرہ بدرنگ کر دیا ہے۔ اب پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیت) ہی واحد متبادل ہے جو لوگوں کو خوشحال زندگی دے سکتا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی اے ہی واحد سیاسی متبادل ہے جو بی جے پی کی منفی سیاست سے چھٹکارا دلا سکتا ہے۔ سماجوادی پارٹی چیف کا کہنا ہے کہ ’’اتر پردیش میں 2027 میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنے گی، یہ 2024 لوک سبھا انتخاب کے نتائج سے ہی یقینی ہو چکا ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش میں جن 10 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخاب ہونے ہیں، ان میں 2022 کے اسمبلی انتخاب میں برسراقتدار بی جے پی نے 3 اور اس کی ساتھی ’نربل انڈین شوست ہمارا عام دل‘ (نشاد) نے ایک سیٹ جیتی تھی۔ 5 سیٹوں پر سماجوادی پارٹی امیدوار نے اور ایک سیٹ پر سماجوادی پارٹی کے اتحاد میں کھڑی ہوئی آر ایل ڈی پارٹی کے امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔ حالانکہ اس مرتبہ آر ایل ڈی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔