اتر پردیش: جب بریلی میں چوروں کو ’112‘ نمبر ڈائل کر بلانی پڑی پولیس!

بھمورا تھانہ کے گاؤں غوث گنج میں جمعہ کی شب رام سیوک پال کی 8 بھینسیں چوری ہو گئیں، رات تقریباً ایک بجے رام سیوک کی جب نیند کھلی تو یہ دیکھ کر ہوش اڑ گئے کہ مویشی شالہ میں بھینسیں موجود نہیں ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ڈائل 112، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ڈائل 112، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے بریلی میں ایک انتہائی دلچسپ معاملہ سامنے آیا ہے۔ بریلی کے بھمورا تھانہ علاقہ واقع غوث گنج گاؤں میں جمعہ کی شب چوری کرنے پہنچے چوروں میں سے ایک چور نے ’ڈائل 112‘ پر فون کر دیا اور پولیس سے فوراً پہنچنے کی گزارش کی۔ دراصل سبھی چوروں کو گاؤں والوں نے گھیر لیا تھا اور جب چوروں کو بچنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آیا تو ایک چور نے 112 نمبر ڈائل کر پولیس سے جان بچانے کی اپیل کی۔ فون آتے ہی پی آر وی کے سپاہی متحرک ہوئے اور جائے وقوع پر پہنچے۔ پولیس نے دیکھا کہ گاؤں والے دو چوروں کو پکڑ کر خوب پٹائی کر رہے ہیں اور تیسرا چور بھی کچھ دیر میں گاؤں والوں کی گرفت میں آ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھ کر سپاہیوں نے علی گنج تھانہ پولیس کو خبر دی۔ پھر بڑی تعداد میں پولیس وہاں پہنچی اور کسی طرح چوروں کو ناراض بھیڑ کے چنگل سے چھڑایا۔ اس دوران کچھ پولیس اہلکاروں کو چوٹیں بھی آئیں۔ تینوں چور دوسرے ضلع کے بتائے جا رہے ہیں۔ بھمورا پولیس نے تینوں چوروں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔


بتایا جا رہا ہے کہ بھمورا تھانہ علاقہ کے گاؤں غوث گنج میں جمعہ کی شب رام سیوک پال کی 8 بھینسیں چوری ہو گئیں۔ رات تقریباً ایک بجے رام سیوک کی جب نیند کھلی تو یہ دیکھ کر اس کے ہوش اڑ گئے کہ مویشی شالہ میں بھینسیں موجود نہیں ہیں۔ انھوں نے شور مچایا اور گاؤں والوں کو بیدار کیا۔ لاٹھی ڈنڈے لے کر بھینسوں کی تلاش شروع ہوئی۔ گاؤں کے قریب گنّے کے کھیت سے کچھ آوازیں سننے کو ملیں تو گاؤں والوں نے کھیت کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ سبھی چور اسی کھیت میں چھپے بیٹھے تھے۔

جب چوروں نے خود کو گاؤں والوں کے گھیرے میں محسوس کیا تو ایک چور نے ڈائل 112 پر فون کر دیا اور جان بچانے کی گزارش کی۔ کسی نے بھمورا پولیس تھانہ میں بھی فون کر دیا، لیکن اس سے پہلے علی گنج کی پولیس پہنچ گئی۔ اس درمیان ناراض گاؤں والوں نے دو چوروں کو پکڑ کر خوب پٹائی کی۔ کسی طرح ان دونوں چوروں کو چھڑا کر بھمورا پولیس انھیں تھانے لے گئی۔ بعد میں تیسرا چور بھی گاؤں والوں کی گرفت میں آیا اور اس کی بھی خوب پٹائی کی گئی۔ یہ چور کھیت میں بھینسوں کی رکھوالی کر رہا تھا۔ اسے بھی بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ کچھ دیگر چوروں کے فرار ہونے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔