بی جے پی حکومتیں گرانے میں مصروف، سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات کرانے کی ضرورت: عام آدمی پارٹی

آتشی نے کہا کہ جب بی جے پی کسی ریاست میں الیکشن ہارتی ہے اور دوسری پارٹی کی حکومت بنتی ہے، تب وہاں بی جے پی کا آپریشن شروع ہوجاتا ہے۔ پہلے مرحلہ میں مرکز کی تمام تفتیشی ایجنسیوں کواستعمال کیا جاتا ہے۔

عام آدمی پارٹی لیڈر آتشی / ویڈیو گریب
عام آدمی پارٹی لیڈر آتشی / ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کی نئی شراب پالیسی کو لے کر عآپ اور بی جے پی کے درمیان جاری جنگ ابھی ختم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہی ہیں۔ اسی ضمن میں عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی اور ترجمان آتشی نے پریس کانفرنس کر کے بی جے پی پر حملہ بولا ہے۔

آتشی نے کہا ہے آج عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کا ایک وفد سی بی آئی سے ملنے جائے گا اور ایم ایل اے کے ہارس ٹریڈنگ کی ملک گیر جانچ کا مطالبہ کرے گا۔ آتشی کے مطابق، ابھی تک ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا ہے جبکہ ہم نے مطالبہ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقت نہیں دیا گیا تو 10 ایم ایل اے کا وفد 3 بجے سی بی آئی کے دفتر جائے گا۔


آتشی نے کہا کہ آج پورا ملک اگست کے مہینے میں آزادی کی 75 ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ ہم آزادی کے 75 سال پورے ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ہمارے ملک میں جمہوریت قائم ہے لیکن ہندوستان کی جمہوریت کو حکمران جماعت بی جے پی سے خطرہ لاحق ہے۔

آتشی نے کہا کہ جب بی جے پی کسی ریاست میں الیکشن ہارتی ہے اور دوسری پارٹی کی حکومت بنتی ہے، تب وہاں بی جے پی کا آپریشن شروع ہوجاتا ہے۔ پہلے مرحلہ میں مرکز کی تمام تفتیشی ایجنسیوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔ جس ریاست میں حکومت ہو وہاں کے لیڈروں پر سی بی آئی، ای ڈی کے چھاپے مارے جاتے ہیں اور پیغام بھیجا جاتا ہے کہ آپ کے خلاف تمام تحقیقات روک دی جائیں گی۔ بی جے پی کو جواب دینا چاہیے کہ ان کے پاس ایم ایل اے خریدنے کے لیے پیسے کہاں سے آئے؟


بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ اگر آپ بی جے پی کی حکومت بناتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہم آپ کو کروڑوں روپے دیں گے، یہ فارمولہ کئی ریاستوں میں پہلی بار استعمال نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی نے ایم پی، گوا، مہاراشٹرا، کرناٹک میں حکومت گرائی۔ بی جے پی اسی آپریشن لوٹس فارمولے کو دہلی میں بھی اپنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پہلے نائب وزیر اعلیٰ کو آفر دیا جاتا ہے، پھر ایم ایل اے کو 20-20 کروڑ کی پیشکش کی جاتی ہے۔ بی جے پی نے اب تک 277 ایم ایل ایز کو آپریشن لوٹس کے تحت خرید لیا ہے۔ حساب لگائیں 277 اور اس میں دہلی کے 40 ایم ایل اے کو جوڑیں تو 6300 کروڑ روپے ہوتے ہیں۔

آتشی نے کہا ’’ہم کہہ رہے ہیں کہ دہلی میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں جانچ ہونی چاہئے۔ ان تمام ریاستوں جیسے مہاراشٹر، کرناٹک، گوا، ایم پی بلکہ ملک گیر تحقیقات ہونی چاہیے۔ یہ جانچ کسی ایک ریاست کے گورنر یا ایل جی کے ذریعے نہیں بلکہ ملک گیر ہونی چاہئے۔ ان پیسوں کی ای ڈی سے جانچ کرانی چاہیے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔