لکھنؤ میں بی جے پی کے امیدواروں کا اعلان، اپرنا یادو اور ریتا بہوگنا کا بیٹا ٹکٹ سے محروم، سواتی سنگھ بھی ناراض!

طویل غور و خوض کے بعد بی جے پی نے لکھنؤ کی 9 سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کر دیا، اپرنا یادو اور ریتا بہوگنا کے بیٹے کو ٹکٹ نہیں دیا ہے اور سواتی سنگھ بھی امیدوار نہیں بنائے جانے سے ناراض ہیں

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: یوپی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی نے منگل کے روز اپنے امیدواروں کی نویں فہرست جاری کر دی۔ اس فہرست میں 17 امیدواروں کے نام شامل ہیں اور لکھنوں کی تمام 9 سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لیکن اس فہرست کے جاری ہونے کے ساتھ ہی بی جے پی کی ٹکٹ کے لئے اندرونی کشیدگی حاشیہ پر آ گئی ہے۔

سماجوادی پارٹی کے سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو کی بہو اپرنا یادو اور بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ ریتا بہوگنا جوشی کے بیٹے مینک جوشی دونوں کو ہی ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔ اپرنا یادو ٹکٹ کی آس میں ہی بی جے پی میں شامل ہوئی تھیں لیکن انہیں پارٹی نے جھٹکا دے دیا ہے۔ وہیں ریتا بہوگنا بھی اپنے بیٹے کے لئے ٹکٹ کی خواہش کا اظہار کر چکی تھیں۔ وہ یہاں تک کہہ چکی تھیں کہ اگر ان کے بیٹے کو اسمبلی امیدوار بنا دیا جائے تو وہ پارلیمنٹ کی سیٹ بھی چھوڑنے کے لئے تیار ہیں۔


ادھر، وزیر سواتی سنگھ کو بھی ٹکٹ سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ای ڈی کے سابق عہدیدار راجیشور سنگھ سروجنی نگر سے امیدوار قرار دئے گئے ہیں۔ سواتی سنگھ کے شوہر کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے، یہ دنوں ہی بی جے پی کا امیدوار بننے کی خواہش رکھتے تھے۔

سواتی سنگھ ٹکٹ نہیں دئے جانے کے بعد پارٹی سے ناراض بتائی جا رہی ہیں اور سماجوادی پارٹی میں شامل ہو سکتی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سماجوادی پارٹی اپرنا یادو کے بی جے پی میں جانے کی بھرپائی سواتی سنگھ کو اپنی طرف کر کے کرے گی۔ دراصل سماجوادی پارٹی لکھنؤ کے اپنے تمام امیدواروں کا اعلان کر چکی ہے لیکن سروجنی نگر سیٹ پر ابھی تک کوئی امیدوار نہیں اتارا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔