مراد آباد: ’سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو موتیوں کی مانند مالا میں پروئے رکھنا کانگریس کا مقصد‘

کانگریس پارٹی کے انتخابی انچارج راجیش کمار مشرا نے کہا کہ کانگریس اکیلی پارٹی ہے جو ان حالات میں بھی اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے اور اس کا پہلا مقصد ملک کے جمہوری دستور کو برقرار رکھنا ہے

تصویر ناظمہ فہیم
تصویر ناظمہ فہیم
user

ناظمہ فہیم

مرادآباد: شہر اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امید وار حاجی رضوان قریشی کے دفتر پر ایک پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کانگریس پارٹی کے انتخابی انچارج راجیش کمار مشرا نے بتایا کہ کانگریس پارٹی کو ووٹ دینا کیوں ضروری ہے۔ راجیش کمار مشرا نے کہا کہ کانگریس واحد ایسی پارٹی ہے جو پورے ملک میں فر قہ پرستی کے خلاف لڑ رہی ہے اور ملک کے جمہوری نظام کے تحفظ کے لئے ہر وقت عمل پیرا ہے، اس لئے ضروری ہے کہ عوام کانگریس کا ساتھ دے کیونکہ کانگریس ہی ملک کے سیاسی مستقبل کی ضامن ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ ایک بار پھر ہوا ہوائی ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق اس میں کچھ بھی نہیں ہے۔ مرکزی ایوان میں اس بجٹ کے خلاف کانگریس ہی سینہ تانے کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب و عبادت گاہوں کی بنیاد پر سیاست کرنے والوں کو صرف کانگریس ہی جواب دے سکتی ہے کیو نکہ کانگریس نے ہمیشہ جمہوریت پر مبنی سیاست کی ہے اور ہندو مسلم سکھ عیسائی و دیگر طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ساتھ لے کر چلی ہے، اسی کا نتیجہ ہے کہ ہندوستان نے ہر شعبہ میں ترقی کی مگر جب سے کانگریس کی حکومت نہیں ہے تب سے ملک میں بے روز گاری، مہنگائی عروج پر ہے۔

راجیش کمار نے کہا کہ عوام اب سمجھ چکے ہیں کہ صرف کانگریس ہی اس ملک کو ترقی کی منزلوں تک لے جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرادآباد ضلع کی سبھی 6 اسمبلی سیٹوں پر کانگریس کے امید وار بڑے فرق کے ساتھ کامیاب ہوں گے۔ شہر اسمبلی سیٹ سے امید وار حاجی رضوان قریشی نے مخالف پارٹیوں پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو چھوڑ سبھی پارٹیاں مذہب کی بنیاد پر سیاست کر رہی ہیں اور مذہب و برادری کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس اکیلی پارٹی ہے جو ان حالات میں بھی اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے، اس کا پہلا مقصد ملک کے جمہوری دستور کو بنائے رکھنا ہے اور سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو موتیوں کی مانند مالا میں پروئے رکھنا ہے، یہی ہمارے ہندوستان کی خاصیت ہے جو دنیا بھر کے تمام ممالک سے ہمیں مختلف بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی و کانگریس کی روحِ رواں پر ینکا گاندھی کی مہم ہے کہ اس ملک کی عوام کو متحد کرتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر لے جائیں اور یہ بات عوام کو اب معلوم ہو چکی ہے، اب عوام کسی کے بہکاوے میں آنے والی نہیں ہے۔ یہاں کا ووٹر ان لوگوں کو بھی اپنے ووٹ کے ذریعہ کرا را جواب دیگا جو سیکو لر بننے کا ڈرامہ کرتے ہیں جبکہ وہی صوبے میں برادری واد کو ہوا دیتے چلے آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔