یوپی اسمبلی انتخابات: مایاوتی کا پہلا جلسہ عام، آگرہ میں کریں گی خطاب، شاہ-یوگی اور اکھیلیش جینت بھی چلائیں گے مہم
یوپی اسمبلی انتخابات کے گھمسان میں آج سے بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی کی انٹری ہونے جا رہی ہے۔ مایاوتی آج آگرہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گی
لکھنؤ: یوپی اسمبلی انتخابات کے گھمسان میں آج سے بہوجن سماج پارٹی کی سپریمو مایاوتی کی انٹری ہونے جا رہی ہے۔ مایاوتی آج آگرہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ وہیں، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مغربی یوپی میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ ساتھ ہی سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری ایک ساتھ رتھ یاترا نکالیں گے۔
مایاوتی انتخابی کمیشن کی جانب سے مقررہ کورونا کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے انتخابی تشہیر کی شرعات آج آگرہ میں جلسہ عام سے کریں گی۔ آگرہ ضلع میں دلت ووٹروں کی خاصی تعداد موجود ہے اور یہ اس وقت سے بی ایس پی کا قلعہ رہا ہے، جب سے کانشی رام نے پارٹی کا قیام کیا تھا۔ بی ایس پی سربراہ دلتوں پر پھر سے اپنی مقبولیت حاصل کرنے کے لئے کام کر رہی ہیں۔
ادھر، اکھلیش یادو اور جینت چودھری آج شاملی اور باغپت ضلع میں عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔ سماجوادی پارٹی کے سربراہ 11.30 بجے ہنڈن ایئرپورٹ غازی آباد پہنچیں گے اور وہاں سے جینت چودھری کو ساتھ لے کر ہیلی کاپٹر سے 11.50 پر پولیس لائن شاملی کے بجاج چینی مل کے ہیلی پیڈ پر اتریں گے۔
وزیر داخلہ امت شاہ کا آج علی گڑھ اور بدایوں میں انتخابی مہم چلائیں گے۔ شاہ علی گڑھ کے اترولی میں اور بدایوں کے سہسوان میں کورونا پروٹوکول کے مطابق جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ نیز بدایوں نگر میں گھر گھر رابطہ مہم چلائیں گے۔ وہیں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج بلند شہر اور متھرا کے قیام پر رہیں گے جہاں وہ عوامی جلسوں میں شرکت کریں گے اور کئی تقریبات میں بھی حصہ لیں گے۔ یوگی دوپہر 12.10 بجے بلند شہر میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد متھرا میں عوامی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔