بی جے پی اور عآپ اساتذہ کے ٹرانسفر جیسے عام عمل کو سیاسی تقریب بنا کر پیش کر رہی: کانگریس

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ 10 سالوں میں کیجریوال حکومت تعلیم سمیت عوام سے متعلق ہر موضوع کو حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ’’راجدھانی کے بنیادی مسائل، آبی بحران، آبی جماؤ، گندگی، بدعنوانی جیسے ایشوز سے دھیان بھٹکانے کے لیے عآپ اور بی جے پی اساتذہ کے ٹرانسفر جیسے عام عمل کو سیاسی تقریب بنا کر پیش کر رہی ہیں۔‘‘ یہ الزام دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے عائد کیا ہے۔ انھوں نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ دہلی سرکار کے اسکول ٹیچرس کی اتنی بڑی تعداد میں منتقلی سے متعلق جانکاری وزیر تعلیم کو نہ ہونا دہلی کے نظام تعلیم پر کیجریوال حکومت کی بے حسی اور بربادی کو ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں کیجریوال حکومت نے دہلی کے تعلیمی نظام کو برباد کر دیا، دہلی کا انتظام و انصرام بھی خستہ حال ہو چکا ہے۔

دہلی کانگریس صدر کا کہنا ہے کہ عآپ اور بی جے پی کی نورا کشتی کا خمیازہ دہلی کی عوام کو بھگنا پڑ رہا ہے۔ جب نظامِ تعلیم میں ٹیچرس کے ٹرانسفر کا عمل گرمی کی چھٹیوں میں انجام پانا چاہیے، لیفٹیننٹ گورنر دفتر کے ذریعہ سیشن شروع ہونے کے وقت ٹرانسفر کیے جانے سے بچوں کی پڑھائی کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ اس وجہ سے سرکاری اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے سرپرست بھی پریشان ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی نظام کی دُہائی دینے والی وزیر تعلیم بھول گئی ہیں کہ دسویں اور بارہویں کے نتائج میں دہلی کس پائیدان پر ہے۔


دیویندر یادو کے مطابق بی مرکزی حکومت کے ماتحت لیفٹیننٹ گورنر (دہلی) اور دہلی حکومت کے درمیان پِس رہے محکمہ تعلیم کے افسران و اساتذہ طلبا کے مفادات میں فیصلہ نہیں لے پا رہے ہیں۔ عآپ اور بی جے پی عوام سے متعلق ہر ایشو کو اپنی ناک کی لڑائی بنا کر دہلی کو بدحالی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ایک سازش کے تحت دہلی حکومت کے اسکولوں کے طلبا کی پڑھائی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، جس کی نہ بی جے پی کو اور نہ ہی وزیر تعلیم کو فکر ہے۔ دیویندر یادو نے مزید کہا کہ کانگریس کی شیلا دیکشت حکومت نے 15 سالوں تک دہلی میں اور یو پی اے حکومت 10 سالوں تک مرکز میں برسراقتدار رہی۔ اساتذہ کے ٹرانسفر، آبی جماؤ، آلودگی، سیلاب، بجلی و پانی کی کمی جیسے عوامی ایشوز پر کبھی تصادم نہیں ہوا۔ دہلی کی وزیر تعلیم آتشی تعلیمی انقلاب کی بات کرتی ہیں، جبکہ سچائی یہ ہے کہ 10 سالوں میں دہلی کے سرکاری اسکولوں میں تعلیم کا سطح نیچے گرا ہے، لاکھوں طلبا دہلی حکومت کے اسکول چھوڑ کر پرائیویٹ اسکولوں میں چلے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔