بہار انتخاب: راہل گاندھی نے شرد یادو کی بیٹی کے لیے مانگا ووٹ، مودی-نتیش پر کیا حملہ

راہل گاندھی نے بدھ کے روز مدھے پورہ کے بہاری گنج سے انتخاب لڑ رہیں شرد یادو کی بیٹی سبھاسنی یادو کے لیے ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کیا۔ اس دوران شرد یادو کو انھوں نے اپنا سیاسی استاد قرار دیا۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

آصف سلیمان

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کو مدھے پورہ میں ایک انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے پی ایم نریندر مودی اور سی ایم نتیش کمار پر امیروں کے لیے حکومت چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے ارب پتیوں کو آزادی دے دی اور کسانوں و غریبوں کو غلام بنایا۔ انھوں نے سماجوادی لیڈر شرد یادو کو اپنا سیاسی استاد بتاتے ہوئے ان کی بیٹی سبھاسنی یادو کو بہاری گنج سے فتحیاب کرنے کی اپیل کی۔

مدھے پورہ کے بہاری گنج میں ایک عظیم الشان انتخابی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ نتیش کمار نے بہار کو بدلنے کا وعدہ کیا تھا اور پی ایم نریندر مودی نے انتخابی تشہیر کے دوران دو کروڑ لوگوں کو ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج تک کوئی بھی وعدہ نہیں نبھایا۔


کانگریس کے سابق صدر نے پی ایم مودی کی نوٹ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "کالا دھن سے لڑنے کے لیے پی ایم نے نوٹ بندی کی بات کہی تھی، اس وقت آپ لائن میں کھڑے تھے، کیا کوئی کالا دھن والا لائن میں تھا؟ کیا کوئی ارب پتی لائن میں لگا تھا۔" انھوں نے کہا کہ اس دور میں آپ کی جیب سے پیسہ نکال کر بڑے صنعت کاروں کے قرض معاف کر دیئے گئے۔"

راہل گاندھی نے کہا کہ یہاں کے کسان مکئی اور دھان کی پیداوار کرتے ہیں، لیکن یہاں لوگوں کو مناسب قیمت نہیں مل پاتی۔ یہاں سے بچولیے کم قیمت میں اناج خرید کر اسے پنجاب اور ہریانہ میں اونچی قیمت پر فروخت کر دیتے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ "پی ایم مودی کہتے ہیں کہ ہم نے کسان کو آزاد کیا کہ وہ اپنا مکئی، دھان ملک میں کہیں بھی جا کر فروخت کر سکتے ہیں۔ لیکن کسان کیسے فروخت کرے گا، بہار میں سڑک کہاں ہے۔ انھوں نے تو ارب پتیوں کو آزادی دی اور کسانوں و غریبوں کو غلام بنایا۔"


راہل گاندھی نے بہار کی جنتا دل یو-بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ "نتیش کمار نے گزشتہ پانچ سال میں بہار کے لیے کیا کیا؟ میں یہاں گارنٹی دینے آیا ہوں۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مہاگٹھ بندھن کی حکومت ہر ذات، طبقہ اور مذہب کی حکومت ہوگی۔" لوگوں کو روزگار ملے گا، کسانوں و نوجوانوں کو ان کا حق ملے گا۔

سماجوادی لیڈر شرد یادو کی بیماری کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ان کی سیاست غریبوں کی سیاست ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں شرد یادو سے ان کی ملاقات ہوئی تھی۔ انھوں نے سیاست کے بارے میں بہت کچھ سکھایا، اس طرح سے وہ میرے استاد ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ شرد یادو کی بیٹی سبھاسنی یادو اس انتخاب میں بہاری گنج سیٹ سے میدان میں ہیں۔ انھوں نے لوگوں سے سبھاسنی کو جتانے کی اپیل کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔