83 سال کی عمر میں شردپوار کا نئی سیاسی پاری کھیلنے کا اعلان!

شرد پوار کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کے پاس جائیں گے، ایک نئی امید کے ساتھ مہاراشٹر میں گھومیں گے، لوگوں سے ملیں گے اور انہیں منائیں گے جو کسی وجہ سے ناراض ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>شرد پوار، تصویرقومی آواز/ ویپن</p></div>

شرد پوار، تصویرقومی آواز/ ویپن

user

قومی آواز بیورو

بھتیجے اجیت پوار کے ذریعے این سی پی چھیننے سے افسردہ 83 سالہ شرد پوار نے ایک بار پھر سے نئی سیاسی پاری کھیلنے کا اعلان کیا ہے۔  شردپوار کا کہنا ہے کہ اب وہ نئے سرے سے شروعات کریں گے۔ پارٹی اور اس کے انتخابی نشان کے چھن جانے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پارٹی ختم ہو گئی ہے۔ کارکنوں کے ساتھ نئے سرے سے ایک پھر ہم کام شروع کریں گے۔

پونے میں گووند باغ کی اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’ملک نے ایسی صورتحال کبھی نہیں دیکھی کہ پارٹی بنانے والے کو ہی اس پارٹی سے نکال دیا گیا ہو، لیکن ہمارے ساتھ ایسا ہوا۔‘‘ شرد پوار نے اپنی پارٹی کی تعمیر نو کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’نہ صرف پارٹی کا نام بلکہ این سی پی کا انتخابی نشان ’گھڑی‘ بھی چھین لیا گیا، جو قانون کے مطابق قطعاً نہیں ہے۔ سب جانتے ہیں کہ این سی پی کی بنیاد کس نے رکھی تھی۔ اس کے خلاف ہم نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔‘‘


نوبھارت ٹائمز میں شائع خبر کے مطابق نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ’’نشان چلے جانے کے بارے میں زیادہ فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں اب تک 14 الیکشن لڑ چکا ہوں۔ ان میں سے 5 الگ الگ نشانات ’بیلوں کی جوڑی‘، ’گائے اور بچھڑا‘، ’چرخہ‘، ’ہاتھ‘ اور آخر میں ’گھڑی‘ کے نشان پر الیکشن لڑا ہوں۔ انتخابی نشان چھن جانے کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی بھی ختم ہو گئی۔‘‘ پوار کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنی پارٹی کے کارکنوں کے پاس جائیں گے۔ پارٹی کی پالیسیوں اور اصولوں کو عام لوگوں کے سامنے بیان کریں گے۔ وہ ایک نئی امید کے ساتھ مہاراشٹر میں گھومیں گے، لوگوں سے ملیں گے اور انہیں منائیں گے جو کسی وجہ سے ناراض ہیں۔ شرد پوار کے مطابق ’’نئے انتخابی نشان کے ساتھ زیادہ پریشانی نہیں ہو گی۔‘‘

اجیت پوار کی جانب سے لگائے جا رہے الزامات پر شرد پوار نے کہا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ وہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ریاست کے عوام انتخابات کے دوران مناسب فیصلہ کریں گے۔‘‘ اشوک چوہان کے بی جے پی میں جانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شرد پوار نے کہا کہ ’’فی الوقت اے سی بی اور ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) جیسی کئی ایجنسیوں کا اثر اور ان کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ یہ واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا استعمال کس طرح اپوزیشن کے خلاف کیا جا رہا ہے۔‘‘ شرد پوار کے ایک بار پھر خم ٹھونک کر میدان میں اترنے کے اعلان کو ان کے بھتیجے اجیت پوار کے لیے ایک وارننگ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔