مہاراشٹر میں ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کا ایک اور معاملہ، ممبئی کے ورلی میں کار نے موٹر سائیکل کو ماری ٹکر، ایک کی موت
ممبئی کے ورلی علاقے میں ایک تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار جوڑے کو ٹکر مار دی، جس کی وجہ سے خاتون کی موت ہو گئی۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ ورلی پولیس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ممبئی کے ورلی علاقے سے ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک کار سوار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو زور دار ٹکر ماردی، جس سے بیوی کی موت ہوگئی۔ حادثے کے بعد کار ڈرائیور فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ اتوار (7جولائی) کی صبح 5:30 بجے کے قریب ’اٹریہ مال‘ کے سامنے پیش آیا ہے۔
خبروں کے مطابق ورلی کولی واڑہ علاقہ میں رہنے والا جوڑا اتوار کی صبح سسون ڈاک میں مچھلی خریدنے گیا تھا اور جب وہ مچھلی لے کر واپس آرہا تھا تو ان کی کار ایک فور وہیلر کار سے ٹکرا گئی۔ واقعے کے بعد ڈرائیور اپنی گاڑی لے کر وہاں سے فرار ہوگیا۔ بائک پر پیچھے بیٹھی خاتون نیچے گر کر شدید زخمی ہو گئی جسے علاج کے لیے ممبئی سینٹرل کے نائر اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ ورلی پولیس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل ممبئی کے اندھیری ایسٹ فلائی اوور پر بھی ایسا ہی ایک حادثہ ہوا تھا۔ ایک تیز رفتار پک اپ نے سائیکل سوار دو طالب علموں وویک یادو اور امن یادو کو ٹکر مار دی تھی۔ اس حادثے میں ایک طالب علم کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی جبکہ دوسرا طالب علم شدید زخمی ہوگیا تھا۔ یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ طالب علم وویک فلائی اوور سے نیچے گر کر ہلاک ہوگیا۔ اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پک اپ ڈرائیور دھننجے رائے کو پریل سے گرفتار کرلیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔