جئے پور میں پیش آیا دہلی جیسا واقعہ، بیسمنٹ میں پانی بھرنے سے 2 معصوم بچوں سمیت 4 افراد ہلاک

بتایا جا رہا ہے کہ ایک شخص تقریباً 15 فیٹ گہرے بیسمنٹ میں اپنی فیملی کے ساتھ سو رہا تھا، وہاں دھیرے دھیرے پانی بھرتا گیا اور جب تک وہ کچھ کر پاتا سبھی لوگ پانی میں ڈوب گئے۔

<div class="paragraphs"><p>آبی جماؤ کا منظر، تصویر قومی آواز/ویپن</p></div>

آبی جماؤ کا منظر، تصویر قومی آواز/ویپن

user

قومی آواز بیورو

راجستھان کی راجدھانی جئے پور میں دہلی کوچنگ سنٹر جیسا دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بیسمنٹ میں سو رہے کچھ لوگ اچانک پانی بھرنے سے ڈوب گئے جس سے 4 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔ مہلوکین میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ سبھی کی لاشیں بیسمنٹ سے نکال لی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جئے پور کے سیکر روڈ نمبر 17 پر بیسمنٹ میں جمعرات کی علی الصبح پانی بھر گیا تھا۔ یہ بیسمنٹ تقریباً 15 فیٹ گہرا تھا جہاں ایک شخص اپنی فیملی کے ساتھ سو رہا تھا۔ اس حادثہ کی خبر ملتے ہی موقع پر سول ڈیفنس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیم پہنچی اور ڈوبنے والوں کی لاش باہر نکالنے کا عمل شروع کیا۔


بتایا جا رہا ہے کہ سیکر روڈ نمبر 17 واقع وشوکرما علاقہ میں یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں اشوک کمار سینی نامی شخص کے گھر کے بیسمنٹ میں ان کا بیٹا-بیٹی اور رشتہ دار کی پوتی کے ساتھ ساتھ کچھ دیگر رشتہ دار بھی سو رہے تھے۔ بدھ کے روز جئے پور میں زوردار بارش ہوئی جس کے بعد کئی علاقوں میں آبی جماؤ کا مسئلہ پیدا ہو گیا۔ اس بیسمنٹ میں بھی بدھ کی دیر شب دھیرے دھیرے پانی بھرنا شروع ہوا جس کی خبر سوتے ہوئے لوگوں کو نہیں ہو سکی۔ جب لوگوں کی آنکھ کھلی تو ایک ہنگامہ برپا ہو گیا۔ کچھ لوگ بڑی مشکل سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے، لیکن 4 لوگوں کی موت واقع ہو گئی۔

قابل ذکر ہے کہ جئے پور میں اب بھی موسم خراب ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں تک بارش کا الرٹ دیا گیا ہے۔ کئی علاقوں میں سڑکوں کے دھنسنے اور اسپتالوں وغیرہ میں پانی بھرنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایک چھوٹی بچی کے نالہ میں بہہ جانے کی بھی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ عوام کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔