امریندر سنگھ کی وزیر داخلہ امت شاہ سے کسانوں کا معاملہ جلد حل کرنے کی اپیل

امریندر سنگھ نے کسانوں سے بھی نئے زرعی قوانین کے حوالہ سے جمود کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ یہ پنجاب کی معیشت اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکز اور کسان قائدین کے مابین بات چیت سے قبل پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے امت شاہ سے نئے زرعی قوانین کے خلاف جاری احتجاج کو جلد ختم کرنے کے لئے حل نکالنے کو کہا۔ انہوں نے کسانوں سے بھی نئے زرعی قوانین کے حوالہ سے جمود کو ختم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ پنجاب کی معیشت اور قومی سلامتی کو متاثر کرنے والا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی کانگریس پارٹی کسان تحریک کو حمایت کر رہی ہے، پنجاب اسمبلی میں مرکز کے نئے زرعی قوانین کو غیر فعال بنانے کے لئے آرڈیننس بھی منظور کیے ہیں۔ امریندر سنگھ نے پہلے کہا تھا کہ وہ اور ان کی حکومت سبھی کے مفاد میں مرکز اور کسانوں کے مابین مفاہمت کے لئے تیار ہیں۔ خیال رہے کہ مظاہرین قومی راجدھانی کی سرحدوں پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور حکومت سے نئے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین میں سب سے بڑی تعداد پنجاب کے کسانوں کی ہے۔


اس سے قبل کسانوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تینوں زرعی قوانین منسوخ نہیں کیے گئے تو وہ دہلی کے تمام راستوں کو بند کر دیں گے۔ کسانوں نے کہا کہ حکومت ان قوانین کو پارلیمنٹ میں خصوصی اجلاس طلب کر کے منسوخ کرے بصورت دیگر دہلی کو بلاک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے علاوہ بھی ملک بھر کے کسان قائدین کو مذاکرات کے لئے مدعو کرے۔

پروفیسر درشن پان نے کہا کہ ہم نے آپس میں میٹنگ ختم کی ہے۔ مرکزی حکومت نے پہلے صرف پنجاب کے کسانوں کو مدعو کیا تھا، ہم نے چار نمائندگان کی کمیٹی کی تجویز کو مسترد کر دیا تاکہ مزید کسان بھائیوں کو مدعو کیا جا سکے۔ مرکزی حکومت کو یوگیندر یادو کے نام پر اعتراض تھا، حکومت یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ صرف پنجاب کے کسانوں کی تحریک ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کسانوں کو بہلا پھسلا کر بات کو ختم کر دیا جائے۔


خیال رہے کہ منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں تبادلہ خیال کے دوران حکومت نے زرعی قوانین پر بحث کے لئے کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی تھی لیکن کسانوں نے اس تجویز کو یکسر مسترد کر دیا۔ اس سے قبل حکومت کی جانب سے ایم ایس پی اور اے پی ایم سی ایکٹ پر کسان قائدین کے سامنے پرزنٹیشن دی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔