مذاکرہ کے دوران کسانوں نے نہیں کھایا حکومت کا دیا کھانا، کہا ’ہم اپنا کھانا ساتھ لائے ہیں‘

وگیان بھون میں لنچ بریک کے دوران ایک کسان نے کہا کہ ’’ہم حکومت کے ذریعہ دیا گیا کھانا اور چائے نہیں لے رہے ہیں۔ ہم اپنا کھانا ساتھ میں لائے ہیں۔‘‘

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

تنویر

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک جاری ہے اور مودی حکومت بات چیت کے ذریعہ اس تحریک کو ختم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ آج دہلی کے وگیان بھون میں مودی حکومت کے نمائندے کسان لیڈران سے بات چیت کے ذریعہ مسئلہ کا حل تلاش کرنے کے خواہاں ہیں، لیکن کسان لیڈران اپنے کچھ مطالبات کو لے کر بضد ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، مظاہرہ جاری رہے گا۔ کسان لیڈران مودی حکومت سے اس قدر ناراض ہیں کہ آج مذاکرہ کے دوران جب لنچ بریک ہوا تو انھوں نے حکومت کے ذریعہ پیش کردہ کھانا اور چائے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

دراصل وگیان بھون میں حکومتی نمائندوں اور کسان لیڈران کے درمیان جب مذاکرہ چل رہا تھا اور پھر لنچ بریک میں کسان لیڈران اپنے ساتھ لایا ہوا کھانا کھاتے ہوئے دیکھے گئے تو کچھ میڈیا اہلکاروں نے ان سے سوال کیا۔ اس پر ایک کسان لیڈر نے کہا کہ کسانوں کو حکومت کی جانب سے کھانا دیا گیا تھا، لیکن اسے ہم لوگوں نے قبول نہیں کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم حکومت کے ذریعہ دیا گیا کھانا اور چائے نہیں لے رہے ہیں۔ ہم اپنا کھانا ساتھ میں لائے ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کسان دہلی میں داخل ہونے والے بارڈرس پر زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنے ساتھ وہ کئی مہینوں کا کھانا بھی لے کر بیٹھے ہیں۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ جب تک زرعی قوانین کو واپس نہیں لیا جائے گا، وہ اپنا مظاہرہ ختم نہیں کریں گے۔ ٹیکری اور سنگھو بارڈر پر ہزاروں کی تعداد میں کسان سرد راتوں میں پرامن مظاہرہ کر رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں کسان براڑی واقع نرنکاری گراؤنڈ میں بھی موجود ہیں جہاں کئی ادارے ان کے کھانے پینے کا انتظام دیکھ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔