کورونا ویکسین پر پی ایم، بی جے پی اور وزارتِ صحت کے بیان میں تضاد دیکھ کر راہل گاندھی نے کیا تلخ سوال

مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن سے جب پوچھا گیا کہ پورے ملک کو ویکسین دینے میں کتنا وقت لگے گا، تو انھوں نے جواب دیا کہ ایسا کبھی نہیں کہا گیا کہ پورے ملک کی ٹیکہ کاری ہوگی یا ویکسین دی جائے گی۔

راہل گاندھی تصویر آئی اے این ایس
راہل گاندھی تصویر آئی اے این ایس
user

حیدر علی خان

مودی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ جلد ہی ہندوستان میں کورونا ویکسین دستیاب ہو جائے گی اور کورونا کے قہر سے لوگوں کو نجات ملے گی۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا سبھی ہندوستانی باشندوں کو کورونا ویکسین مودی حکومت مفت میں دے گی۔ یہ سوال راہل گاندھی نے بھی کھڑا کیا ہے۔ کانگریس کے سابق صدر نے یہ تلخ سوال اس لیے پوچھا ہے کیونکہ پی ایم مودی، ان کی پارٹی بی جے پی اور مرکزی وزارت صحت کے بیان میں تضاد دیکھنے کو مل رہا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’پی ایم نے کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ بہار انتخاب میں بی جے پی نے کہا کہ بہار کے لوگوں کو مفت میں ویکسین ملے گی۔ اب مرکزی حکومت کہہ رہی ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ سبھی کو ویکسین ملے گی۔ اب پی ایم مودی بتائیں کہ حقیقی معنوں میں ان کا کیا اسٹینڈ ہے؟‘‘


غور طلب ہے کہ یکم دسمبر کو پریس سے بات کرتے ہوئے مرکزی ہیلتھ سکریٹری راجیش بھوشن نے کہا تھا کہ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ پورے ملک کی ٹیکہ کاری ہوگی یا کورونا کی ویکسین دی جائے گی۔ انھوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی جس میں پوچھا گیا تھا کہ پورے ملک کو ویکسین دینے میں کتنا وقت لگے گا۔ ہیلتھ سکریٹری نے کہا کہ ’’میں صاف کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت نے کبھی نہیں کہا کہ پورے ملک کو کورونا کی ویکسین دی جائے گی۔ سائنسی ایشوز پر بات صرف دلائل پر مبنی ہونی چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ حال ہی میں ہوئے بہار اسمبلی انتخاب میں بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں بہار کی عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اگر بہار میں این ڈی اے کی حکومت بنی تو بہار کے سبھی لوگوں کو مفت میں کورونا کا ٹیکہ دیا جائے گا۔ بی جے پی کے ذریعہ کیے گئے اس اعلان کے بعد کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ اپوزیشن پارٹیوں سمیت عوام نے بی جے پی اور مرکزی حکومت سے سوال کیا تھا کہ کیا صرف بہار کو ہی مفت میں کورونا ویکسین ملے گی۔ اس ایشو پر بی جے پی کو زبردست تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہی بیانات کو لے کر راہل گاندھی نے پی ایم مودی سے سوال پوچھا ہے کہ وہ بتائیں کہ کورونا ویکسین دستیاب کرانے کو لے کر ان کا اسٹینڈ کیا ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Dec 2020, 3:40 PM