’ووٹ شماری کے دن جیت کا سرٹیفکیٹ ملنے تک آپ محتاط رہنا‘، سماجوادی پارٹی کے کارکنان کے نام اکھلیش یادو کا پیغام

اکھلیش یادو کے مطابق بی جے پی والوں نے منصوبہ بنایا ہے کہ کل شام کو انتخاب ختم ہوتے ہی وہ مختلف چینلوں پر یہ کہلوانا شروع کریں گے کہ بی جے پی کو 300 سیٹوں پر سبقت ملی ہوئی ہے، حالانکہ یہ جھوٹ ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایس پی سربراہ اکھلیش یادو/ ویڈیو گریب</p></div>

ایس پی سربراہ اکھلیش یادو/ ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب کے ساتویں مرحلے کی ووٹنگ یکم جون کو یعنی کل ہے۔ اس سے عین قبل سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اپنے کارکنان، عہدیداروں اور امیدواروں سے ایک خاص گزارش کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے، ایسے میں کسی بھی طرح سے بی جے پی والوں کے بہکاوے میں مت آئیے گا۔ پوری طرح سے محتاط، مستعد اور الرٹ رہیے گا۔

اکھلیش یادو نے یہ اپیل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آپ سب کل ووٹنگ کے دوران بھی اور ووٹنگ کے بعد کے دنوں میں بھی ووٹ شماری ختم ہونے اور جیت کا سرٹیفکیٹ ملنے تک پوری طرح سے بیدار اور محتاط رہیے گا، اور بی جے پی والوں کے بہکاوے میں نہیں آئیے گا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دراصل یہ اپیل ہم اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ بی جے پی والوں نے یہ منصوبہ بنایا ہے کہ کل شام کو انتخاب ختم ہوتے ہی وہ اپنی ’میڈیا منڈلی‘ سے مختلف چینلوں پر یہ کہلوانا شروع کریں گے کہ بی جے پی کو تقریباً 300 سیٹوں کے آس پاس سبقت ملی ہوئی ہے، حالانکہ یہ پوری طرح سے جھوٹ ہے۔‘‘


اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے اکھلیش لکھتے ہیں کہ ’’ایسے میں آپ کے ذہن میں یہ سوال اٹھے گا کہ بی جے پی کو اس دو تین دن کا جھوٹ بولنے سے کیا ملے گا، جبکہ انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جا رہی ہے۔ اس کے جواب میں ہم آپ کو بتا دیں کہ ایسا جھوٹ پھیلا کر بی جے پی والے آپ سب کا حوصلہ توڑنا چاہتے ہیں، جس سے آپ کا جوش کم ہو جائے اور آپ لوگ ووٹنگ کے دن محتاط اور سرگرم نہ رہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی کچھ بدعنوان افسران کی ملی بھگت سے ووٹ شماری میں دھاندلی کر سکے۔‘‘

بی جے پی چیف کا کہنا ہے کہ ’’توجہ رہے، جو بی جے پی والے چنڈی گڑھ کے میئر الیکشن میں کورٹ کے ذریعہ لگوائے گئے کیمروں کے سامنے دھاندلی کرنے کی بے شرمی کر سکتے ہیں، وہ انتخاب جیتنے کےل یے کوئی بھی گھوٹالہ کرنے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔ اسی لیے یہ بیداری ضروری ہے۔ اسی لیے آپ لوگوں سے یہ خصوصی اپیل ہے کہ آپ لوگ کسی بھی بھاجپائی ’ایگزٹ پول‘ کے بہکاوے میں نہ آئیں اور پوری طرح سے خبردار رہتے ہوئے آئین، جمہوریت و ملک کی عوام کی جیت کا جشن منائیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔