لالو یادو سے پوچھ گچھ کے لئے میسا بھارتی کے گھر پہنچی سی بی آئی، روہنی آچاریہ نے کہا- ’سب یاد رکھا جائے گا‘

روہنی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ لوگ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں۔ اگر ان کی ہراسانی کی وجہ سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو وہ دہلی کی کرسی کو ہلا کر رکھ دیں گی۔ اب برداشت کرنے کی حد جواب دے رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>لالو یادو سے پوچھ گچھ کے لئے پہنچے سی بی آئی عہدیداران/ یو این آئی</p></div>

لالو یادو سے پوچھ گچھ کے لئے پہنچے سی بی آئی عہدیداران/ یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے عہدیداروں کی ایک ٹیم منگل (7 مارچ) کو نوکری معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ریلوے کے سابق وزیر لالو یادو کی بیٹی اور راجیہ سبھا کی رکن میسی بھارتی کی دہلی واقع رہائش گاہ پر پہنچی۔ ذرائع کے مطابق لالو پرساد کی گھٹنے کی سرجری کے بعد طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور وہ بولنے سے بھی قاصر ہیں۔ 6 مارچ 2023 کو سی بی آئی کے اہلکاروں نے رابڑی دیوی سے ان کی رہائش گاہ پر زمین کے عوض نوکری دلانے کے مبینہ گھوٹالہ کیس میں پوچھ گچھ کی تھی۔ اب سی بی آئی کی ٹیم اسی معاملے کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے میسا بھارتی کے گھر پہنچ گئی۔ اس ٹیم میں سی بی آئی کے 7-8 افسران شامل تھے۔

دریں اثنا،، لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی اچاریہ نے مرکزی حکومت پر ان کے والد کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ روہنی اچاریہ نے ٹوئٹ کیا ’’پاپا کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو میں کسی کو نہیں چھوڑوں گی۔ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں، یہ ٹھیک نہیں ہے۔ سب یاد رہے گا۔ وقت طاقتور ہے، اس میں بڑی طاقت ہے۔ یہ یاد رکھنا ہوگا۔‘‘ روہنی نے مزید ٹوئٹ میں لکھا کہ یہ لوگ پاپا کو پریشان کر رہے ہیں۔ اگر ان کی ہراسانی کی وجہ سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش ہوا تو وہ دہلی کی کرسی کو ہلا کر رکھ دیں گی۔ اب برداشت کرنے کی حد جواب دے رہی ہے۔


خیال رہے کہ دہلی کی راؤز ایونیو ڈسٹرکٹ کورٹ نے رابڑی دیوی، لالو پرساد اور دیگر کو 15 مارچ کو حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کیا ہے۔ سی بی آئی کو اس معاملے میں لالو پرساد کے خلاف مقدمہ چلانے کی منظوری مل گئی ہے۔ سی بی آئی نے جنوری میں متعلقہ عدالت کے سامنے قانونی چارہ جوئی کے لیے منظوری کا خط پیش کیا تھا۔ سی بی آئی نے اکتوبر میں لالو پرساد، ان کی اہلیہ، بیٹی، اس وقت کے جنرل منیجر سنٹرل ریلوے، اس وقت کے سی پی او اور امیدواروں سمیت 16 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔