دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ: ای ڈی نے مزید ایک شخص ارون پلے کو حیدرآباد سے کیا گرفتار

ارون رام چندر پلے ساؤتھ گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے، جس نے مبینہ طور پر عآپ لیڈروں کو 100 کروڑ روپے کی رشوت دی، جس کا گوا انتخابات میں استعمال ہونے کا شبہ ہے۔

ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
ای ڈی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی حکومت کے مبینہ ایکسائز گھوٹالہ کے سلسلے میں حیدرآباد کے ارون رام چندر پلے نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس معاملہ میں ای ڈی کی جانب سے کی گئی یہ 11ویں گرفتاری ہے۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسودیا کو بھی دہلی حکومت کے مبینہ ایکسائز گھوٹالہ معاملے میں 20 مارچ تک عدالتی حراست میں دہلی کی تہاڑ جیل بھیج دیا گیا ہے۔

ارون رام چندر پلے ساؤتھ گروپ کی نمائندگی کر رہے تھے، جس نے مبینہ طور پر عآپ لیڈروں کو 100 کروڑ روپے کی رشوت دی، جس کا گوا انتخابات میں استعمال ہونے کا شبہ ہے۔ ساؤتھ گروپ کی نمائندگی ابھیشیک بوئن پلے، ارون پلے اور بوچی بابو کر رہے تھے۔ وجے نائر (عام آدمی پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج) اور اس کے ساتھی دنیش اروڑہ کے ساتھ ملی بھگت اور سازش میں بوئن پلے نے مبینہ طور پر 100 کروڑ روپے دیئے۔


حال ہی میں ای ڈی نے حیدرآباد کے واٹیناگولا پلی میں پلے کی 2.25 کروڑ روپے کی زمین ضبط کی تھی۔ پلے کو بعد میں راؤز ایونیو ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ای ڈی ان کو دو ہفتے کے لئے جسمانی ریمانڈ میں لینے کی درخواست کر سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق دہلی ایکسائز پالیسی کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سی بی آئی کے ذریعہ درج کی گئی ایف آئی آر میں منیش سسودیا سمیت کئی افراد اور تنظیموں کا نام لیا گیا ہے۔ سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی 22-2021 میں مبینہ بدعنوانی کے سلسلے میں سسودیا کو ملزم نمبر ایک کے طور پر نامزد کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔