بی جے پی لیڈر کے ظلم سے پریشان شخص گھر چھوڑنے پر مجبور، ’یہ مکان بکاؤ ہے‘ کا لگایا پوسٹر
تھانہ اعتماد الدولہ کے انچارج انسپکٹر ونود کمار کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں کا تنازعہ ہے۔ جانچ کے بعد کارروائی کی جائے گی۔
آگرہ کے جمنا پار واقع نگلا فتوری باشندہ ستیش راجہ نے بی جے پی کی خاتون لیڈر کملیش شرما پر ظلم کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سلسلے میں ’امر اجالا‘ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ستیش راجہ کا بی جے پی کی خاتون لیڈر سے تیز آواز میں ڈی جے بجانے سے منع کرنے پر تنازعہ ہو گیا تھا۔ بات اتنی زیادہ بڑھ گئی کہ پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔ اب متاثرہ کنبہ بی جے پی لیڈر سے پریشان ہو کر گھر فروخت کر وہاں سے دوسری جگہ جانا چاہتا ہے۔ اس نے ’یہ مکان بکاؤ ہے‘ کا پوسٹر لگا دیا ہے۔ حالانکہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ محض پڑوسیوں کا تنازعہ ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ستیش راجہ کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی ضلع یونٹ کی عہدیدار کا پڑوس میں مکان ہے۔ انھوں نے وجئے دشمی پر بھنڈارے کا انعقاد کیا تھا۔ دیر رات تک ڈی جے بجایا گیا۔ رات 12 بجے کے بعد بھی ڈی جے بند نہیں ہوا تو طبیعت بگڑنے لگی۔ اس پر انھوں نے بی جے پی لیڈر سے ڈی جے بند کرانے کی گزارش کی۔ ستیش کا الزام ہے کہ اس پر بی جے پی لیڈر کے گھر والوں نے محلہ چھوڑ کر جانے کو کہا اور دھمکایا۔
ستیش راجہ نے بتایا کہ مجبوری میں گھر والوں نے مکان بکاؤ کا پوسٹر لگا دیا ہے۔ لگتا ہے کہ وہ اب یہاں نہیں رہ پائیں گے۔ اس سلسلے میں تھانہ اعتماد الدولہ کے انچارج انسپکٹر ونود کمار کا کہنا ہے کہ پڑوسیوں کا تنازعہ ہے۔ جانچ کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ دوسری طرف بی جے پی ضلع صدر گراج سنگھ کشواہا کا کہنا ہے کہ شکایت کی انھیں جانکاری ملی ہے اور اس آپسی تنازعہ کا حل بات چیت کے ذریعہ نکالا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔