مہاراشٹر کے رائے گڑھ میں غیرملکی وفد انتخابی عمل کا مشاہدہ کرے گا
غیر ملکی وفد آج علی باغ میں ووٹنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ جی ایس ایم کالج میں ووٹنگ کے مواد کی تقسیم کا بھی جائزہ لے گا۔ منگل کو وفد کے ارکان مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے دوسرے ممالک کے انتخابی انتظامی اداروں کے ساتھ بین الاقوامی تعاون اور شراکت داری کے لیے انٹرنیشنل الیکشن وزیٹرز پروگرام (آئی ای وی پی) کا انعقاد کیا ہے اور اسی کے تحت ایک غیر ملکی وفد 6 سے 8 مئی تک مہاراشٹر میں رائے گڑھ ضلع میں انتخابی عمل کا مشاہدہ کرے گا۔
رائے گڑھ کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر کشن جاولے نے یہ اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سات رکنی غیر ملکی وفد خاص طور پر مہاراشٹر کے رائے گڑھ ضلع میں انتخابی عمل کا مشاہدہ کرے گا۔ وفد میں محمد منیر الزمان ٹی اور جی ایم شہتاب الدین (بنگلہ دیش)، نورلان عبدیروف اور ایبک زیکان (قازقستان)، سلجا ہلکا پاسیلینا (سری لنکا) اور پرشیلا چیگمبا اور سمباراشے ٹونگائی (زمبابوے) شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حماس کا جنگ بندی کا مطالبہ ناقابل قبول: نیتن یاہو
انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی وفد آج علی باغ میں ووٹنگ کے عمل کے ساتھ ساتھ جی ایس ایم کالج میں ووٹنگ کے مواد کی تقسیم کا بھی جائزہ لے گا۔ اس کے ساتھ ہی 3 بجے کلکٹر کے دفتر میں کلکٹر اور ضلع الیکشن افسر کے ساتھ میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ منگل کو وفد کے ارکان ووٹنگ کے عمل کے بارے میں جاننے کے لیے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔