دلی دربار 2024 میں سوفی و شاستریہ سنگیت کا جادو، ہنس راج ہنس کو ملے گا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ
راجدھانی دہلی کے گاندھی درشن میوزیم راج گھاٹ میں منعقدہ سہ روزہ سروں کے سنگم دہلی دربار-2024 میں ہفتہ کو دوسرے دن معروف صوفی گلوکاروں اور کلاسیکی موسیقاروں نے اپنی پرفارمنس سے لوگوں کو مسحور کیا
نئی دہلی: راجدھانی دہلی کے گاندھی درشن میوزیم راج گھاٹ میں منعقدہ سہ روزہ سروں کے سنگم دہلی دربار-2024 میں ہفتہ کو دوسرے دن معروف صوفی گلوکاروں اور کلاسیکی موسیقاروں نے اپنی پرفارمنس سے لوگوں کو مسحور کیا۔ وہیں، معروف ریڈیو جاکی آر جے نوید نے اپنی کامیڈی سے لوگوں کو ہنسایا۔ جشن کے دوران کل اتوار کو معروف پنجابی گلوکار ایم پی اور پدم شری ہنسراج ہنس کو باوقار سنگیت مارتند استاد چاند خان لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
محبت، موسیقی، ثقافت اور روحانیت کے اس جشن کو دہلی گھرانہ کی سورساگر سوسائٹی نے مرکزی وزارت سیاحت، دہلی ٹورازم اور گاندھی درشن سمیتی کے تعاون سے ہندوستان کی ثقافت، محبت، ہم آہنگی اور کلاسیکی موسیقی کو لوگوں بالخصوص نوجوانوں میں زندہ رکھنے کے مقصد سے منعقد کیا ہے۔ ایونٹ منیجمنٹ کی ذ مہ داری بگ شوز کی ڈائریکٹر روپیندر کور سنبھال رہی ہیں۔
اجمیر گلوبل صوفی فاؤنڈیشن کے بانی اور دہلی گھرانہ کی سورساگر سوسائٹی کے چیف سرپرست سید ریاض الدین چشتی اور دہلی گھرانہ کے جنرل سکریٹری وسعت اقبال خان کے مطابق آج جہاں استاد واصف الدین ڈاگر، پدم شری استاد پرہلاد سنگھ ٹپانیا، ریکھا بھاردواج نے اپنے صوفیانہ و کلاسیکی موسیقی اور کتھک رقاصہ پدم شری شوبھنا نارائن نے اپنے ساتھی فنکاروں کے ساتھ اپنے ڈانس پرفارمنس سے حاضرین کو مسحور کیا، جبکہ معروف آر جے نوید نے اپنی کامیڈی سے سبھی کو محظوظ کیا۔ نیشنل اسٹوڈنٹ ٹیلنٹ ایسوسی ایشن کے صدر من میت سنگھ نے فنکاروں کو اعزاز سے نوازا۔
دہلی گھرانہ کے شریک بانی اور خزانچی محمد اقبال خان نے کہا کہ کل بروز اتوار 25 فروری کو پدم شری پنجابی گلوکار شری ہنسراج ہنس کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ اسی دن پدم شری جانکی رمن، اوشا اتھوپ، شوبھا مدگل، ہنس راج ہنس، امتیاز علی جیسی شخصیات کی ایک طویل فہرست کے ساتھ دہلی دربار 2024 روحانیت اور محبت کا انوکھا امتزاج ملن ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔