غالب انسٹی ٹیوٹ کا سالانہ جشن 16 سے 18 دسمبر تک، ’غالب ایوارڈ 2022‘ کی بھی ہوگی تقسیم

عالمی مشاعرہ کا انعقاد بھی ہوگا جس میں ڈاکٹر سید تقی عابدی (کناڈا)، محمد محمود احمد (مصر)، اظہار عنایتی، منظر بھوپالی، پاپولر میرٹھی، ملک زادہ جاوید، ماجد دیوبندی، معین شاداب جیسے شعرا شامل ہوں گے۔

غالب انسٹی ٹیوٹ، دہلی
غالب انسٹی ٹیوٹ، دہلی
user

تنویر

غالب انسٹی ٹیوٹ ہر سال کی طرح اس سال بھی سالانہ جشن کی تقریب منعقد کرنے جا رہا ہے۔ یہ سالانہ جشن 16 دسمبر سے 18 دسمبر تک منعقد ہوگا جس میں بین الاقوامی غالب سمینار کا انعقاد بھی عمل میں آئے گا۔ اس بار سمینار کا عنوان ہے ’ہوتا ہے شب و روز تماشہ میرے آگے‘۔ علاوہ ازیں ’غالب ایوارڈ 2022‘ کی تقسیم بھی اردو و فارسی کی معزز شخصیات کے درمیان کی جائے گی۔ یہ جانکاری غالب انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ جاری ایک پریس بیانیہ میں دی گئی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق پروفیسر طارق منصور (وائس چانسلر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) بین الاقوامی غالب سیمینار کا افتتاح کریں گے اور سالانہ جشن کے دوران پروفیسر جاوید قدوس، پروفیسر سید احسان الظفر، پروفیسر ابن کنول، ڈاکٹر بشیر بدر، ڈاکٹر محمود فاروقی اور پروفیسر سید ظل الرحمن کو ’غالب ایوارڈ 2022‘ پیش کریں گے۔ بعد ازاں مشہور انگریزی اسکالر پروفیسر ہریش ترویدی بین الاقوامی غالب سمینار کی صدارت کریں گے۔ مشہور اردو اسکالر اور غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صادق الرحمن قدوائی اس موقع پر کلیدی خطبہ پیش کریں گے، جبکہ غالب انسٹی ٹیوٹ کے ڈرامہ گروپ ’ہم سب‘ کی چیئرپرسن ڈاکٹر رخشندہ جلیل تعارفی کلمات پیش کریں گی۔ بعد ازاں 5.30 بجے شام غالب آڈیٹوریم میں شامِ غزل تقریب کا انعقاد ہوگا جس میں مشہور غزل گلوکار رشمی اگروال غزل پیش کریں گی۔


غالب انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ 17 دسمبر کو 6 بجے شام غالب آڈیٹوریم میں عالمی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا، جس کی صدارت ہمالیہ ڈرگز کے سربراہ ڈاکٹر ایس فاروق کریں گے۔ اس عالمی مشاعرہ کے مہمان خصوصی مصر سے تعلق رکھنے والے محمد محمود احمد ہوں گے اور نظامت کے فرائض منصور عثمانی نبھائیں گے۔ اس عالمی مشاعرہ میں مدعو شعرائے کرام کے نام ہیں ڈاکٹر سید تقی عابدی (کناڈا)، محمد محمود احمد (مصر)، اظہار عنایتی، منظر بھوپالی، پاپولر میرٹھی، حسن کاظمی، شکیل اعظمی، ڈاکٹر نصرت مہدی، حنا تیموری، سہیل لکھنوی، میکش امروہوی، سریندر شجر، سلیم شیرازی، جاوید مشیری، ملک زادہ جاوید، ماجد دیوبندی، معین شاداب، سلیم امروہوی اور شعیب احمد فاروقی۔

بین الاقوامی غالب سمینار کا انعقاد 17 اور 18 دسمبر کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگا۔ سمینار میں جن مقالہ نگاروں کو مدعو کیا گیا ہے ان کے نام ہیں ڈاکٹر سید تقی عابدی (کناڈا)، ڈاکٹر محمد محمود احمد (مصر)، فاطمہ سادات میر حبیبی (ایران)، پروفیسر ہربنس مکھیا، پروفیسر عبدالحق، پروفیسر عتیق اللہ، پروفیسر انور معظم، پروفیسر قاضی جمال حسین، پروفیسر محمد زماں آزردہ، پروفیسر انیس اشفاق، پروفیسر علی احمد فاطمی، پروفیسر نسیم احمد، خلیل مامون، ڈاکٹر خالد علوی، پروفیسر معین الدین جینابڑے، پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر اپوروانند، ڈاکٹر شمس بدایونی، پروفیسر قمرالہدیٰ فریدی، پروفیسر نجمہ رحمانی، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر ضیا الرحمن صدیقی، پروفیسر اخلاق احمد آہن، ڈاکٹر معراج رانا، پروفیسر سرورالہدیٰ، ڈاکٹر فاضل احسن ہاشمی، ڈاکٹر ضیاء اللہ انور، دھرمیندر سنگھ یادو، ڈاکٹر جاوید رحمانی، ڈاکٹر نور فاطمہ، ڈاکٹر نوشاد منظر۔

غالب انسٹی ٹیوٹ کا سالانہ جشن یہیں پر ختم نہیں ہوگا، بلکہ 18 دسمبر کی شام 6 بجے کلچرل وِنگ ’ہم سب‘ ڈرامہ گروپ کے ذریعہ ’داستانِ غالب‘ بھی پیش کیا جائے گا۔ داستان پیش کرنے والے ہوں گے مشہور داستان گو فوزیہ اور فیروز خان۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔