آئی پی ایل 2020: ممبئی کے کپتان روہت شرما نے بیان کی حیدرآباد سے ہار کی وجہ

روہت شرما نے کہا، ’’آج ہمارا دن نہیں تھا۔ ممکنہ طور پر یہ سیزن کی ہماری سب سے خراب کارکردگی تھی۔ ہم کچھ چیزیں استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن وہ کارگر ثابت نہیں ہو سکیں۔

ممبئی کے کپتان روہت شرما نے بیان کی حیدرآباد سے ہار کی وجہ
ممبئی کے کپتان روہت شرما نے بیان کی حیدرآباد سے ہار کی وجہ
user

قومی آواز بیورو

ابو ظہبی: آئی پی ایل 2020 کے آخری لیگ میچ میں سن رائزرز حیدرآباد کے ہاتھوں 10 وکٹ سے شرمناک ہار برداشت کرنے کے بعد ممبئی انڈینز کے کپتان روہت شرما نے اسے اس سیزن کی خراب ترین کارکردگی قرار دیا۔ حیدرآباد نے منگل کے روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری لیگ مقابلہ میں ممبئی انڈینز کو 10 وکٹ سے کراری شکست دے کر آئی پی ایل-13 کے پلے آف میں رسائی حاصل کر لی۔

میچ کے بعد روہت شرما نے کہا، ’’آج ہمارا دن نہیں تھا۔ ممکنہ طور پر یہ سیزن کی ہماری سب سے خراب کارکردگی تھی۔ ہم کچھ چیزیں استعمال کرنا چاہتے تھے لیکن وہ کارگر ثابت نہیں ہو سکیں۔ ہمیں معلوم تھا کہ اوس ایک فیکٹر ہوگا لیکن ہم نے آج بہتر کرکٹ نہیں کھیلی۔‘‘


روہت شرما نے چار میچوں کے بعد اس میچ میں واپسی کی تھی لیکن وہ محض چار رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئے۔ ممبئی انڈینز نے اس میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 8 وکٹ کے نقصان پر 149 کا اسکور بنایا تھا جسے حیدرآباد نے 17.1 اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

روہت شرما نے کہا، ’’واپسی کرنے سے میں خوش تھا۔ میں یہاں اگلے کچھ میچوں میں کھیل کے حوالہ سے پُر جوش تھا۔ دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ یقینی طور پر میری چوٹ اب ٹھیک ہے۔ انہوں نے پاور پلے میں کچھ اچھے شاٹ لگائے اور اس سے انہیں مدد ملی۔ یہ ایک عجیب فارمیٹ ہے۔ گزری ہوئی باتوں کو بھولنا ہی بہتر ہوتا ہے اور حال پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔


ممبئی کی ٹیم پہلے ہی پلے آف میں پہنچ چکی ہے اور آئی پی ایل-13 کے پہلے کوالیفائر میں جمعرات کو اس کا سامنا دہلی کیپٹلز سے ہوگا۔ روہت نے اگلے میچ کے حوالہ سے کہا، ’’وہ (دہلی) ایک بہتر ٹیم ہے۔ اس لئے اس کا سامنا کرنا چیلنج ہوگا۔ آج جلد سے جلد اس کارکردگی کو درگزر کرنا چاہتے ہیں۔ ہم کچھ بہتر چیزوں کے ساتھ واپسی کریں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔