آئی پی ایل 2020: دہلی پلے آف اور کولکاتا کی نظریں واپسی پر
کولکاتا 10 میچوں میں پانچ جیت، پانچ شکست اور 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کولکاتا کو پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے باقی چار میں سے تین میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔
ابوظہبی: پچھلی شکست کے صدمے سے باہر نکل کر دہلی کیپیٹلز ٹیم ہفتہ کو کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف میچ میں آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے کے مقصد سے اترے گی جبکہ کولکاتا کی ٹیم واپسی کی توقعات کو برقرار رکھنا چاہے گی۔
دہلی 10 میچوں میں سات جیت، تین ہار اور 14 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ایک جیت دہلی کو پلے آف میں لے جائے گی اور دہلی اس کے بعد پہلے دو مقامات میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ تاہم دہلی کو پچھلے میچ میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے کنگز الیون پنجاب کے ہاتھوں پانچ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دہلی کو اس شکست سے واپسی کرنا ہوگی۔ دوسری طرف کولکاتا 10 میچوں میں پانچ جیت، پانچ شکست اور 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کولکاتا کو پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے باقی چار میں سے تین میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔
کولکاتا نے اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بیٹنگ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم 20 اوور میں 84 رنز بنانے میں ہی کامیاب رہی تھی جو اس آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ اگر کولکاتا کو دہلی کے سامنے کوئی چیلینج پیش کرنے کی ضرورت ہے تو اسے اپنی بیٹنگ میں بہتری لانی ہوگی۔
کولکاتا کے کپتان ایون مورگن نے کہا کہ ہم اس میچ سے سبق سیکھیں گے اور اگلے میچ میں آگے بڑھیں گے۔ ٹورنامنٹ کی نوعیت کے پیش نظر آپ کو ہر ٹیم کے خلاف اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔ امید ہے کہ سنیل نارائن اور آندرے رسل جلد ہی دستیاب ہوجائیں گے اور ہم جانتے ہیں کہ جب اس معیار کے لوگ اور خاص طور پر آل راؤنڈر دستیاب ہوں گے تو معاملات مختلف ہوں گے۔ امید ہے کہ وہ جلد ہی دستیاب ہوجائیں گے۔
دہلی کیپٹلز کے فاسٹ بولر اور آئی پی ایل کے موجودہ سیزن کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کیگیسو ربادا نے کہا کہ کنگز الیون پنجاب کے خلاف پچھلے میچ میں شکست کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ربادا نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ تشویش کی بات ہے۔ ہم صرف ایک ہی میچ ہارے ہیں اور یہ ہوتا رہتا ہے۔ گھبرانے اور زیادہ غم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں یہ اندازہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے کہاں غلطی کی ہے اور ہم پہلے ہی یہ کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہم میچ ہار سکتے ہیں۔ اب وقت آگے بڑھنے اور اگلے میچ کی تیاری کرنے کا ہے۔ ہم نے غلط کیا ہے اس کی نشاندہی کی ہے اور اپنی غلطیوں کو درست کیا ہے۔ دہلی ابو ظہبی میں اپنے دونوں میچ ہار چکی ہے اور ٹیم کو اس گراؤنڈ میں شکست کے سلسلے کو توڑنے کی ضرورت ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔