روسی صدر پوتن پر یوکرین نے ڈرون سے کیا حملہ، روسی ڈیفنس فورسز کی فوری کارروائی سے بچی جان!
یوکرین کے صدر ولودمیر زیلینسکی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ کریملن پر جس ڈرون حملے کی بات کی جا رہی ہے اس میں یوکرین کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔
ایک طرف روس کا یوکرین پر حملہ جاری ہے، اور دوسری طرف یہ سنسنی خیز خبر سامنے آ رہی ہے کہ یوکرین نے روسی صدر ولادمیر پوتن کو ہلاک کرنے کے مقصد سے ڈرون حملہ کیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرس نے ایک روسی نیوز ایجنسی کے حوالے سے اس سلسلے میں جانکاری دی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کریملن نے اس حملے کو ایک ’پلانڈ ٹیررسٹ ایکشن‘ (منصوبہ بند دہشت گردانہ کارروائی) تصور کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حملے کے لیے دو ڈرون کا استعمال کیا گیا، لیکن دونوں ہی ڈرون کو روسی ڈیفنس فورسز نے تباہ کر دیا۔
کریملن کی طرف سے جو بیان جاری کیا گیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ صدر پوتن پوری طرح سے محفوظ ہیں اور بلڈنگ کو بھی کسی طرح کا نقصان نہیں پہنچا ہے۔ گویا کہ روسی ڈیفنس فورسز کی فوری کارروائی سے یوکرین کا ڈرون حملہ ناکام ہو گیا ہے اور روسی صدر پوتن بال بال بچ گئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اس سلسلے میں یوکرین کے صدر ولودمیر زیلینسکی نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ کریملن پر جس ڈرون حملے کی بات کی جا رہی ہے، اس میں یوکرین کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 27 تاریخ کو ماسکو سے تھوڑی ہی دوری پر ایک ڈرون کا ملبہ برآمد کیا گیا تھا۔ روسی سیکورٹی ایجنسیوں نے اس تعلق سے کہا تھا کہ یوکرین کی طرف سے بھاری دھماکہ خیز مادہ کے ساتھ یہ ڈرون روسی صدر کو جان سے مارنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ حالانکہ یہ ڈرون ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ ہو گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔