نیپال: برفانی تودہ کھسکنے کے بعد 4 خواتین سمیت 5 افراد لاپتہ، بارش اور برف باری کے سبب بچاؤ مہم میں دقتیں درپیش
چیف ڈسٹرکٹ افسر کرن جوشی نے کہا کہ پانچ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں، ہم اب بھی ان کے ٹھکانے کے بارے میں انجان ہیں، ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔
نیپال کے دارچولا ضلع میں برفانی تودہ (ایولانچ) کھسکنے کے بعد چار خواتین اور ایک مرد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ایک مقامی افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دی۔ خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چیف ڈسٹرکٹ افسر کرن جوشی نے بتایا کہ منگل کی دوپہر 2.45 بجے ہی برفانی تودہ کھسکنے کے بعد شروع میں 12 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی خبر ملی تھی، لیکن بعد میں 7 افراد نے مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا۔
کرن جوشی نے کہا کہ پانچ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔ ہم ابھی بھی ان کے ٹھکانے کے بارے میں انجان ہیں۔ ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ افسر نے مزید کہا کہ لگاتار بارش اور برف باری سے بچاؤ مہم میں دقتیں آ رہی ہیں۔ اگر موسم میں بہتری ہوتی ہے تو ہم آج (بدھ) بچاؤ مہم کے لیے ایک ہیلی کاپٹر بھیجنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مقامی لوگ یارساگمبا نامی کیٹرپلر فنگس اکٹھا کر رہے تھے اور اسی دوران وہ برفانی تودہ کی زد میں آ گئے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق برفانی تودہ کھسکنے پر تقریباً 8 سے 9 افراد کیٹرپلر فنگس کی تلاش میں گئے تھے، لیکن زبردست برفانی تودہ میں ان میں سے 7 لوگ برف کے اندر دب گئے، جس کے بعد سرچ آپریشن چلایا گیا۔ فی الحال دو لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ پانچ لوگوں کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ ان میں سے ایک مرد اور چار خواتین ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔