جرمنی نے کیا روس کے لئے جاسوسی کرنے والے برطانوی شہری کو گرفتار

جرمن حکام نے کہا ہے کہ برطانوی شہری کو برطانوی اور جرمن حکام کے تعاون پر مبنی تفتیش کے ذریعے پکڑا، اور جرمن پرائیویسی قانون کے مطابق اس کا نام صرف ڈیوڈ ایس بتایا جا رہا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

برلن: جرمنی میں روس کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں ایک برطانوی شہری گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وفاقی پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک برطانوی شہری کو روسی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے کے شبہ میں جرمنی میں حراست میں لیا گیا ہے۔

حکام نے بدھ کو بتایا کہ روس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہ میں منگل کو گرفتار برطانوی شہری ڈیوڈ ایس برلن میں برطانوی سفارت خانے میں کام کرتا تھا۔ جرمن حکام نے کہا ہے کہ برطانوی شہری کو برطانوی اور جرمن حکام کے تعاون پر مبنی تفتیش کے ذریعے پکڑا، اور جرمن پرائیویسی قانون کے مطابق اس کا نام صرف ڈیوڈ ایس بتایا جا رہا ہے۔


پراسیکیوٹرزنے کہا ہے کہ مشتبہ شہری روسی انٹیلی جنس سروس کے لیے کم از کم نومبر سے جاسوسی کر رہا تھا، اور گرفتاری سے قبل وہ برطانوی ایمبیسی میں مقامی ملازم کے طور پر لیا گیا تھا، کام کے دوران اس نے ملنے والے دستاویزات روسیوں کو حوالے کیے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس بات کا امکان نہیں ہے کہ مشتبہ شہری کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہو، کیوں کہ ایسی صورت میں اسے عام طور پر حراست میں لینے کی بجائے ملک سے نکال دیا جاتا۔

جرمن پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو اس کی مبینہ جاسوس سرگرمیوں کے بدلے میں رقم بھی ملی تھی، تاہم کتنی یہ معلوم نہیں ہو سکا، بیان میں مزید کہا گیا کہ تفتیش کاروں نے اس کے گھر اور دفتر کی تلاشی لی ہے۔ وفاقی جج نے بدھ کے روز مزید تفتیش کے لیے مشتبہ شخص کو حکام کے زیر حراست رہنے کا حکم بھی جاری کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔