کانگریس کا ٹوئٹر ہینڈل بھی لاک! پارٹی نے کہا- ’ہم لڑتے رہیں گے‘

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کے دیگر کئی لیڈران کے اکاؤنٹ بھی لاک کئے گئے ہیں، جن میں رندیپ سرجے والا، اجے ماکن، سشمتا دیو شامل ہیں۔

تصویر فیس بک
تصویر فیس بک
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ٹوئٹر نے حکومت کے زبردست دباؤ کے درمیان کانگریس کے کئی لیڈران کے ٹوئٹر اکاؤنٹ لاک کرنے کے بعد اب پارٹی کا اکاؤنٹ بھی لاک کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے یہ اطلاع فرہم کی۔ کانگریس نے کہا کہ خواہ ہمارا ٹوئٹر اکاؤنٹ لاک کر دیا گیا ہو، لیکن ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے۔

کانگریس پارٹی نے فیس بک پوسٹ میں کہا، ’’جب ہمارے لیڈران کو جیلوں میں بند کر دیا گیا، ہم تب نہیں ڈرے تو اب ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کرنے سے کیا خاک ڈریں گے! ہم کانگریس ہیں، عوام کا پیغام ہیں، ہم لڑیں گے، لڑتے رہیں گے۔ اگر عصمت دری کی متاثرہ بچی کو انصاف دلانے کے لئے آواز اٹھانا جرم ہے، تو یہ جرم ہم سو بار کریں گے۔ جے ہند۔ ستیے میو جیتے۔‘‘


خیال رہے راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتہ ریپ کے بعد قتل کی گئی 9 سالہ بچی کے اہل خانہ سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کی تصویر انہوں نے ٹوئٹر پر شیئر کی تھی۔ اس کے بعد راہل گاندھی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پہلے معطل کیا گیا، اس کے بعد لاک کر دیا گیا۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کے دیگر کئی لیڈران کے اکاؤنٹ بھی لاک کئے گئے ہیں، جن میں رندیپ سرجے والا، اجے ماکن، سشمتا دیو شامل ہیں۔ کانگریس کی جانب سے اس معاملہ پر لگاتار احتجاج کیا جا رہا ہے۔ کانگریس کا الزام ہے کہ حکومت کے دباؤ میں ٹوئٹر کی طرف سے اس طرح کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں یوتھ کانگریس نے بھی دہلی میں موجود ٹوئٹر انڈیا کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Aug 2021, 10:42 AM