سابق امریکی صدر کا حملہ آور ہلاک، جوبائیڈن، نیتن یاہو اور پی ایم مودی کا اظہار تشویش
امریکی ریاست پنسلوانیا کے بٹلرمیں ایک انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی۔ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے ٹرمپ کا چاروں جانب سے گھیر لیا اور اسٹیج سے نیچے اتار دیا۔ سابق صدر کا چہرہ خون میں لت پت تھا۔
پنسلوانیا کے بٹلر میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر ہوئے حملے میں محافظوں نے نامعلوم بندوق بردار حملہ آور کو ہلاک کر دیا ہے۔ سیکرٹ سروس نے کہا کہ ایک بندوق بردار اور دیگر ایک شخص کی موت ہوئی ہے اور دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اس حملے کے بعد سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے ہیں اور سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ اس حملے میں سابق امریکی صدر کے محفوظ رہنے پرامریکی صدر جو بئیڈن نے اطمینان، جبکہ اسرائیلی و زیر اعظم نیتن یاہو اور ہندوستان کے وزیر اعظم پی ایم مودی نے اپنی فکرمندی کا اظہار کیا ہے۔
بٹلر کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی رچرڈ گولڈنگر نے کہا کہ مشتبہ بندوق بردار کو گولی مار دی گئی ہے۔ سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے ایک بیان میں کہا ہے پٹسبرگ سے 30 میل شمالی بٹلر میں شام تقریباً 6:15 بجے ریلی کے مقام کے باہر بلند مقام سے اچانک گولیاں چلائی گئیں۔ اس دوران ٹرمپ نے اپنے دائیں کان پر ہاتھ رکھا اور پوڈیم پر جھک گئے۔ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے انہیں چاروں جانب سے گھیر لیا اور اسٹیج سے نیچے اتار دیا۔ سابق صدر کا چہرہ خون میں لت پت تھا۔
دریں اثنا امریکی صدر جو بائیڈن نے اس حملے میں سابق صدر کے محفوظ رہنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ جان لیوا حملے میں بال بال بچ گئے اور وہ پوری طرح صحت مند ہیں۔ امریکی صدر نے ہفتے کی شام سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا کہ مجھے ڈونالڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے بارے میں اطلاع ملی۔ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کہ وہ محفوظ ہیں۔ میں ان کے لیے اور ان کے خاندان اور ریلی میں شریک ہر شخص کے لیے دعا گو ہوں۔
جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے سابق امریکی صدر پر ہوئے حملے پر تشویش کا اظہار کیا۔ نیتن یاہو نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ سارہ سابق امریکی صدر ٹرمپ پر حملے سے ساکت ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے ہم ان کی حفاظت اور جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کوکی تنظیم نے وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھکر کئے کئی مطالبات
دوسری جانب پی ایم نریندر مودی نے ٹرمپ پر اس جان لیوا حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پی ایم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کہا ہے کہ میں اپنے دوست سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر حملے کے بارے میں انتہائی فکر مند ہوں۔ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ سیاست اور جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ میں ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہوں۔ ہماری احساسات اور دعائیں مرنے والوں کے خاندانوں، زخمیوں اور امریکی عوام کے ساتھ ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔