سابق امریکی صدر کے حملہ آور کی ہوئی شناخت، اے آر طرز کی رائفل برآمد
ابھی تک یہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں کہ تھامس میتھیو کروکس نے ٹرمپ پر حملہ کیوں کیا۔ اس حملے میں ریلی میں شریک ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی ہے۔ وہ پنسلوانیا ریاست میں واقع ایک چھوٹے سے گاؤ ں بیتھل پارک کا رہنے والا ہے۔ یہ گاؤں جائے حادثہ سے 40 میل جنوب میں واقع ہے۔ حملہ آور کا نام تھامس میتھیو کروکس ہے، جس نے چھت سے کئی راؤنڈ فائرنگ کیا۔ اس حملے میں سابق امریکی صدر زخمی ہو گئے۔
حملے کے بعد ایک تصویر سامنے آئی جس میں حملہ آور کو کھلے بالوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ حالانکہ یہ تصاویر پنسلوانیا کے بٹلر شہر میں ہونے والی انتخابی ریلی پر حملے کے وقت کی نہیں ہیں۔ پنسلوانیا ریاست کے بٹلر شہر میں ڈونلڈ ٹرمپ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ ٹرمپ پر چلائی گئی گولی ان کے کان سے لگی۔ اس حملے کے بعد سیکرٹ سروس کے اسنائپرز نے حملہ آور کو فوری طور پر ہلاک کر دیا۔ حملہ آور سے اے آر طرز کی رائفل بھی برآمد ہوئی ہے۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ابھی تک یہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں کہ تھامس میتھیو کروکس نے ٹرمپ پر حملہ کیوں کیا۔ اس حملے میں ریلی میں شریک ایک شخص کی موت ہو گئی ہے جبکہ دو دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے اسپیشل ایجنٹ کیون روجیک نے کہا ہے کہ ہم سب سے زیادہ اس بات پر حیران ہیں کہ شوٹر نے کئی راؤنڈ فائر کئے۔ ایف بی آئی بھی ٹرمپ پر حملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق بٹلر سٹی میں کھلے میں انتخابی ریلی جاری تھی جس پر تھامس میتھیو کروکس نے فائرنگ کر دی۔ حملہ آور ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ کی چھت پر کھڑا تھا، جو بٹلر فارمز شو گراؤنڈ میں اسٹیج سے 130 گز سے زیادہ دور تھا۔ اس نے پہلے تین راؤنڈ فائر کیے جن میں سے ایک ٹرمپ کو لگا۔ اس کے بعد جب سب بیٹھ گئے تو حملہ آور نے دوبارہ چار سے پانچ راؤنڈ فائر کئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔